مشعل راہ جلد سوم — Page 513
513 ارشادات حضرت خلیفتہ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالی مشعل راه جلد سوم جا کر مختلف قسم کی عیش و عشرت کی پیروی کرتے ہیں اور گھروں سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کی بیویاں نیک بیویاں ہوں وہ جھوٹی خوابوں میں بس رہے ہیں۔ایسا نہیں ہوا کرتا۔انسانی فطرت کے خلاف ہے۔قرآن کریم نے اس مضمون کو یوں بیان فرمایا۔الْخَبِيثُتُ لِلْخَبِيثِينَ وَالْخَبِيثُونَ لِلْخَبِيثَاتِ وَالطَّيِّبَاتُ لِلطَّيِّبِينَ وَالطَّيِّبُونَ لِلطَّيِّبَتِ (النور: 27) کیسا مضبوطی کے ساتھ پاک باز عورتوں کا پاک باز مردوں کے ساتھ رشتہ باندھا گیا ہے اور خبیث عورتوں کا خبیث مردوں کے ساتھ رشتہ باندھا گیا ہے۔بہت گہرا فلسفہ تربیت کا ہمارے سامنے کھول کر پیش فرما دیا۔پس مردوں کو اپنی عصمتوں کی حفاظت کرنی ہوگی پھر ان کے گھروں کی عصمتوں کی حفاظت کرنی ہوگی۔پھر دونوں مل کر اس قوم کو عصمت کا پیغام دیں گے اور عصمت کا پیغام عصمت کے نیک نتائج دکھا کر دیں۔پھر وہ دکھا سکتے ہیں ان کو کہ آپ کیسے امن کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔کس طرح آپ کے گھر محفوظ اور مامون ہیں اور جنت کا نشان بنے ہوئے ہیں۔کس طرح آپ کے بچے اس پاکیزہ ماحول سے وابستہ ہیں اور ان کو دنیا کی کوئی پرواہ نہیں۔یہ پاک نمونے ہیں جن کی اس قوم کو شدید ضرورت ہے۔نام تو یہ جنسی آزادی کا لیتے ہیں لیکن دل ان کے بے چین ہیں۔جانتے ہیں کہ گھر ٹوٹ رہے ہیں، جانتے ہیں کہ خود بچوں کی عصمتیں ان کے ماں باپ کے ہاتھوں محفوظ نہیں رہیں۔جانتے ہیں کہ ہر جگہ بدامنی ہے اور بے قراری اور بے چینی پائی جاتی ہے۔پس آپ امن کے گھر بنائیں۔ایسے امن کے گھر بنائیں جن گھروں میں پناہ لینے کی ان کے دلوں میں شدید تمنا پیدا ہو اور ان کو یہ گھر بنانا سکھا دیں۔ان کو متوطن بنائیں۔تہذیب کے متوطن بنا ئیں۔ایسے وطن بخشیں جن میں تہذیب بستی ہے، جن میں امن بستا ہے، جن میں خدا کی محبت بستی ہے۔یہ وہ دو پیغام ہیں جو میں آج آپ کو دیتا ہوں کیونکہ وقت بہت نازک ہے، بہت تیزی سے عظیم انقلابات برپا ہور ہے ہیں۔اگر جرمنی کو آپ سنبھال لیں یعنی اللہ کے فضل و رحمت کے ساتھ دعاؤں کے ساتھ اور ان دو نصیحتوں پر عمل کرتے ہوئے جو میں نے آپ کے سامنے کی ہیں تو میں آپ کو بتا تا ہوں کہ جرمن قوم اس قابل ہے کہ سارے یورپ کو ہی نہیں ساری دنیا کو سنبھال سکتی ہے۔یہ انتقام ہے جس کی طرف میں ان کو بلاتا ہوں۔پہلے انہوں نے دنیا پر جبر کی حکومت طاری کرنے کی کوشش کی اور نامراد ر ہے۔اگر محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی اختیار کرتے ہوئے اسوہ محمد کے ذریعے دنیا پر حکومت کرنے کے لئے آگے بڑھیں گے تو خدا کی قسم ساری دنیا کو فتح کرنے کی صلاحیت اس قوم میں موجود ہے۔پس یہ پیغام تھا جو میں نے آپ تک پہنچا دیا۔میں امید رکھتا ہوں کہ انشاء اللہ تعالیٰ آپ اس پیغام پر