مصالح العرب (جلد 1 ۔ابتداء سے ۱۹۵۴ء تک) — Page 125
مصالح العرب۔۔۔۔۔جلد اول 119 عربی زبان میں ایک چار صفحہ کا ٹریکٹ شائع کرنے کی تجویز حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر الدین محمود احمد صاحب کے سفر حج سے واپس تشریف لانے کے بعد غالبا فروری 1913ء میں عرب ممالک کے لوگوں تک پیغام حق پہنچانے کے لئے ایک چہار صفحات کا ضمیمہ بزبان عربی اور ساتھ ہی اردو ترجمہ بھی شائع ہونا تجویز کیا گیا۔اس کی ادارت کے لئے جناب سید عبدالحی عرب صاحب کی خدمات حاصل کی گئیں۔مصر، حجاز، بغداد اور عربستان، علاقہ ایران وغیرہ سے معززین کے پتے بھی حاصل کر لئے گئے۔اور دوستوں میں تحریک کی گئی کہ اگر اس ٹریکٹ کے ایک ہزار خریداروں کی طرف سے سالانہ چندہ دو روپے کی ادائیگی کا وعدہ آجائے تو ٹریکٹ جاری کر دیا جائے گا اور پہلا پر چہ سب صاحبان کے نام وی پی کیا جائے گا۔اور عربی ضمیمہ ان کی طرف سے ان ملکوں میں روانہ کیا جائیگا۔یا وہ چاہیں تو خود منگوا کر اور پڑھ کر کسی ملک کو روانہ کر دیں۔(ماخوذ از حیات نور صفحه 599-600 ) بعد ازاں غالباً مئی 1913ء میں یہ قرار پایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہام مصالح العرب کے پورا کرنے کے واسطے اخبار بدر کے ساتھ ایک چار صفحات کا ضمیمہ عربی زبان میں معہ ترجمہ اردو شائع کیا جایا کرے اور عربی ممالک میں معززین کے نام بھیجا جایا کرے۔غالباً اسی تجویز کا بعد ازاں نئے پیرایہ میں یوں فیصلہ ہوا کہ اخبار ہذا کا ایک ماہوار ایڈیشن عربی زبان میں نکالا جائے جس کی ادارت کے فرائض سید عبد الحی عرب صاحب ادا کریں۔اس تجویز کو دوستوں نے بہت پسند کیا اور بعض احباب نے پیشگی چندہ بھی جمع کروا دیا۔(ماخوذ از حیات نور صفحہ 619-620 )