ملفوظات (جلد 9)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 249 of 412

ملفوظات (جلد 9) — Page 249

اختیار کرو اور وہ سب باتیں جو خدا کو ناراض کرنے والی ہیں چھوڑ دو۔جب تک خوفِ الٰہی کی حالت نہ ہو تب تک حقیقی تقویٰ حاصل نہیں ہو سکتا۔کوشش کرو کہ متقی بن جاؤ۔جب وہ لوگ ہلاک ہونے لگتے ہیں جو تقویٰ اختیار نہیں کرتے تب وہ لوگ بچا لیے جاتے ہیں جو متقی ہوتے ہیں۔ایسے وقت ان کی نافرمانی انہیں ہلاک کر دیتی ہے اور ان کا تقویٰ انہیں بچا لیتا ہے۔انسان اپنی چالاکیوں، شرارتوں اور غداریوں کے ساتھ اگر بچنا چاہے تو ہرگز نہیں بچ سکتا۔کوئی انسان بھی نہ اپنی جان کی حفاظت کر سکتا ہے نہ مال و اولاد کی حفاظت کر سکتا ہے اور نہ ہی کوئی اور کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔جب تک کہ اللہ تعالیٰ کا فضل نہ ہو۔خدا تعالیٰ کے ساتھ پوشیدہ طور پر ضرور تعلق رکھنا چاہیے اور پھر اس تعلق کو محفوظ رکھنا چاہیے۔عقلمند انسان وہی ہے جو اس تعلق کو محفوظ رکھتا ہے اور جو اس تعلق کو محفوظ نہیں رکھتا وہ بیوقوف ہے جو اپنی چترائی پر نازاں ہے وہ ہلاک کیا جائے گا اور کبھی بامراد اور کامیاب نہیں ہوگا۔دیکھو یہ زمین و آسمان اور جو کچھ ان میں نظر آرہا ہے اتنا بڑا کارخانہ کیا یہ خدا کے پوشیدہ ہاتھ کے سوائے چل سکتا ہے؟ ہرگز نہیں۔یاد رکھو! جو امن کی حالت میں ڈرتا ہے وہ خوف کی حالت میں بچایا جاتا ہے اور جو خوف کی حالت میں ڈرتا ہے تو وہ کوئی خوبی کی بات نہیں ایسے موقع پر تو کافر مشرک بےدین بھی ڈرا کرتے ہیں۔فرعون نے بھی ایسے موقع پر ڈر کر کہا تھا قَالَ اٰمَنْتُ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا الَّذِيْۤ اٰمَنَتْ بِهٖ بَنُوْۤا اِسْرَآءِيْلَ وَ اَنَا مِنَ الْمُسْلِمِيْنَ(یونس:۹۱) اس سے صرف اتنا فائدہ اسے ہوا کہ خدا نے فرمایا کہ تیرا بدن تو ہم بچا لیں گے مگر تیری جان کو اب نہیں بچائیں گے آخر خدا نے اس کے بدن کو ایک کنارے پر لگا دیا۔ایک چھوٹے سے قد کا وہ آدمی تھا۔غرض جب گناہ اور معصیت کی طرف انسان ترقی کرتا ہے تو پھر لَايَسْتَاْخِرُوْنَ۠ سَاعَةً وَّ لَا يَسْتَقْدِمُوْنَ۠(الاعراف:۳۵)والا معاملہ ہوتا ہے۔جب اَجلِ بَلا آجاتی ہے تو پھر آگے پیچھے نہیں ہوا کرتی۔انسان کو چاہیے کہ پہلے ہی سے خدا کے ساتھ تعلق رکھے مگر ؎ خیال زلف تو بستن نہ کارِ خامان است کہ زیر سلسلہ رفتن طریقِ عیاری است