ملفوظات (جلد 9)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 203 of 412

ملفوظات (جلد 9) — Page 203

محفوظ رکھتا ہے۔مجھے خدا تعالیٰ کی طرف سے بتلایا گیا ہے کہ ابھی بیماری اس سے بھی زیادہ سخت پڑنے والی ہے۔میں نہیں کہہ سکتا کہ آئندہ سال وہ سختی آوے یا درمیان میں ایک سال نرم ہو کر پھر سختی دکھاوے بہر حال آئندہ آنے والی طاعون گذشتہ سے بہت ہی سخت ہے اور ایسا ہی مجھے خدا تعالیٰ کی طرف سے یہ بھی بتلایا گیا ہے کہ ایک سخت زلزلہ ابھی آنے والا ہے۔افسوس ہے کہ لوگوں کو ان باتوں کی طرف کچھ خیال نہیں کہ خدا تعالیٰ کا عذاب کس طرح بھڑک رہا ہے۔باوجود اس کے فریب اور چالبازیاں بڑھتی چلی جاتی ہیں۔دنیا کی حرکت بے انصافی کی طرف ہے۔اس کے بعد حضرت اقدس نے تحصیلدار صاحب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آپ کے واسطے مکان کا عمدہ انتظام کیا اور ان کی شرافت کی تعریف کی۔خواب کے متعلق ایک نکتہ مرزا اکبر بیگ صاحب نے حضرت کی خدمت میں اپنا ایک خواب بیان کیا کہ میں ایک عمدہ خواب دیکھ رہا تھا کہ مجھے ایک شخص محمد حسین نے فوراً جگا دیا۔حضرت نے فرمایا کہ جگانے والے کا وجود بھی خواب کا ایک جزو ہوتا ہے اور اس کے نام میں اس خواب کے متعلق تعبیر ہوتی ہے۔فرمایا۔اگر خدا تعالیٰ کا منشا نہ ہو تو کوئی جگا بھی نہیں سکتا۔یہ بھی خدا تعالیٰ کے حکم سے ہوتا ہے۔تندرستی ہزار نعمت ہے مخدومی اخویم شیخ رحمت اللہ صاحب بھی گیارہ بجے کی گاڑی پر شملہ سے بٹالہ پہنچ گئے تھے اور قادیان جانے کو تیار تھے لیکن ایک آدمی نے سٹیشن پر ان کو اطلاع کر دی تھی کہ حضرت صاحب اسی جگہ ہیں۔وہ بھی حضرت کی خدمت میں تیسرے پہر تک حاضر رہے اور پھر لاہور کو چلے گئے۔شیخ صاحب موصوف ولایت کا ذکر کرتے تھے کہ وہاں بعض چشمے ایسے عمدہ ہوتے ہیں اور سمندر کے کنارے بعض جگہ ایسی عمدہ ہوتی ہیں کہ چند روز اگر لوگ وہاں جا کر رہیں تو صحت بہت عمدہ حالت میں ہو جاتی ہے۔