ملفوظات (جلد 7) — Page 235
دھوکہ دیتا ہے۔ایک بھائی کا حق ہے اور اس کے دبا لینے کا فتویٰ دیتا ہے۔مقدمات ہوتے ہیں تو چاہتا ہے کہ شریک کو ایک حبّہ نہ ملے سب کچھ مجھ ہی کو مل جاوے۔غرض حقوق العباد میں بہت مشکلات ہیں۔اس لیے جہاں تک ہو سکے اس کی بڑی رعایت اور حفاظت کرنی چاہیے۔ایسا نہ ہو کہ آدمی دوسرے کے حقوق تلف کرنے والا ٹھیرے اور یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کے فضل اور توفیق سے ملتا ہے جس کے لیے دعا کی بڑی ضرورت ہے۔جاپانیوں کے لیے ایک جامع کتاب کی ضرورت ہے یہاں تک آپ نے بیان فرمایا تھا کہ اور احباب تشریف لے آئے۔حضرت حکیم الامت بھی آگئے۔اس لیے سلسلہ کلام بند کر دیا اور پھر آپ نے مکرراً مسئلہ سود بینک کے متعلق فرمایا جو میں اوپر درج کر آیا ہوں۔زاں بعد جاپان اور اشاعت اسلام کے مضمون پر سلسلہ کلام شروع ہوگیا۔جس کا مفہوم درج ذیل ہے۔(ایڈیٹر) مجھے معلوم ہوا ہے کہ جاپانیوں کو اسلام کی طرف توجہ ہوئی ہے اس لیے کوئی ایسی جامع کتاب ہو جس میں اسلام کی حقیقت پورے طور پر درج کر دی جاوے گویا اسلام کی پوری تصویر ہو جس طرح پر انسان سراپا بیان کرتا ہے اور سر سے لے کر پاؤں تک کی تصویر کھینچ دیتا ہے۔۱ اسی طرح سے اس کتاب میں اسلام کی خوبیاں دکھائی جاویں۔اس کی تعلیم کے سارے پہلوؤں پر بحث ہو اور اس کے ثمرات اور نتائج بھی دکھائے جاویں۔اخلاقی حصہ الگ ہو اور ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا جاوے۔