ملفوظات (جلد 6) — Page 151
بلکہ اعمالِ صالحہ میں لگے رہو بہت سے الہامات اور خواب سنیرو پھل کی طرح ہوتے ہیں جو کچھ دنوں کے بعد گر جاتے ہیں اور پھر کچھ باقی نہیں رہتا ہے۔اصل مقصد اور غرض اللہ تعالیٰ کے ساتھ سچا اور بے ریا تعلق، اخلاص اوروفاداری ہے جو نرے خوابوں سے پوری نہیں ہوسکتی مگر اللہ سے کبھی بے خوف نہیں ہونا چاہیے جہاں تک ہوسکے صدق واخلاص وترک ِریا وترکِ منہیات میں ترقی کرنی چاہیے اور مطالعہ کرتے رہو کہ ان باتوں پر کس حدتک قائم ہو اگر یہ باتیں نہیں ہیں تو پھر خوابات اور الہامات بھی کچھ فائدہ نہیں دیں گے۔بلکہ صوفیوں نے لکھاہے کہ اوائل سلوک میں جو رؤیا یا وحی ہو اس پر توجہ نہیں کرنی چاہیے وہ اکثر اوقات اس راہ میں روک ہو جاتی ہے انسان کی اپنی خوبی اس میں تو کوئی نہیں کیونکہ یہ تو اللہ تعالیٰ کا فعل ہے جووہ کسی کو کوئی اچھی خواب دکھاوے یا کوئی الہام کرے۔اس نے کیا کیا؟ دیکھو حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بہت وحی ہواکرتی تھی لیکن اس کا کہیں ذکر بھی نہیں کیا گیا کہ اس کو یہ الہام ہوا یہ وحی ہوئی بلکہ ذکر اگر کیا ہے تو اس بات کا کہ اِبْرٰهِيْمَ الَّذِيْ وَفّٰۤى(الـنجم:۳۸) وہ ابراہیم جس نے وفاداری کا کامل نمونہ دکھا یا۔یا یہ کہ يٰۤاِبْرٰهِيْمُ۠ قَدْ صَدَّقْتَ الرُّءْيَا١ۚ اِنَّا كَذٰلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِيْنَ(الصّٰفٰت:۱۰۵،۱۰۶) یہ بات ہے جوانسان کو حاصل کرنی چاہیے اگر یہ پیدا نہ ہو تو پھر رؤیا والہام سے کیا فائدہ؟ مومن کی نظر ہمیشہ اعمال صالحہ پر ہوتی ہے اگر اعمالِ صالحہ پر نظر نہ ہو تو اندیشہ ہے کہ وہ مکر اللہ کے نیچے آجائے گا۔ہم کو تو چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کو راضی کریں اور اس کے لیے ضرورت ہے اخلاص کی، صدق ووفاکی،نہ یہ کہ قیل وقال تک ہی ہماری ہمّت وکوشش محدود ہو جب ہم اللہ تعالیٰ کو راضی کرتے ہیں پھر اللہ تعالیٰ بھی برکت دیتا ہے اور اپنے فیوض وبرکات کے دروازے کھول دیتا ہے اور رؤیا اور وحی کو القاءِ شیطانی سے پاک کردیتا ہے اور اضغاث اَحلام سے بچالیتا ہے پس اس بات کو کبھی بھولنا نہیں چاہیے کہ رؤیا اور الہام پر مدارِ صلاحیت نہیں کرنا چاہیے۔بہت سے آدمی دیکھے گئے ہیں کہ ان کو رؤیا اور الہام ہوتے رہے لیکن انجام اچھا نہیں ہوا جواعمالِ صالحہ کی صلاحیت پر موقوف ہے۔اس تنگ دروازہ سے جو صدق ووفا کا دروازہ ہے گذرنا آسان نہیں۔ہم کبھی ان باتوں سے فخر نہیں کرسکتے کہ رؤیا یا الہام ہونے لگے اور ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ رہیں اور مجاہدات سے دستکش