ملفوظات (جلد 5)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 58 of 467

ملفوظات (جلد 5) — Page 58

کیا بھلا ضروری ہے کہ اس شخص کے جسم پر لمبے لمبے بال بھی ہوں۔چار پائوں بھی ہوں اور دُم بھی ہو اور وہ جنگلوں میں شکار بھی کرتا پھرے؟ بلکہ جس طرح مِنْ وَجْہٍ تشابہ ہوتا ہے ویسا ہی مِنْ وَجْہٍ مخالف بھی ہونا ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ نے كُنْتُمْ خَيْرَ اُمَّةٍ تو ہمیں ہی فرمایا ہے۔جو اعلیٰ درجہ کی خیر اور برکات تھے وہ اسی امت میں جمع ہوئے ہیں۔آنحضرتؐکا زمانہ ایسے وقت تک پہنچ گیا ہوا تھا کہ دماغی اور عقلی قویٰ پہلے کی نسبت بہت کچھ ترقی کر گئے تھے۔اس زمانے میں تو ایک گونہ جہالت تھی۔اب کوئی کہے کہ اس طرح بھی تشابہ نہ ہوا تو یہ اس کا کہنا درست نہ ہوگا۔نبوت جو اللہ تعالیٰ نے اب قرآن شریف میں آنحضرتؐکے بعد حرام کی ہے اس کے یہ معنے نہیں ہیں کہ اب اس امت کو کوئی خیر و برکت ملے ہی گی نہیں اور نہ اس کو شرفِ مکالمات اور مخاطبات ہوگا۔بلکہ اس سے مُراد یہ ہے کہ آنحضرتؐکی مُہر کے سوائے اب کوئی نبوت نہیں چل سکے گی۔اس امت کے لوگوں پر جو نبی کا لفظ نہیں بولا گیا اس کی وجہ صرف یہ تھی کہ حضرت موسٰی کے بعد تو نبوت ختم نہیں ہوئی تھی بلکہ ابھی آنحضرتؐجیسے عالی جناب، اولوالعزم صاحبِ شریعت کامل آنے والے تھے۔اسی وجہ سے ان کے واسطے یہ لفظ جاری رکھا گیا۔مگر آنحضرتؐکے بعد چونکہ ہر ایک قسم کی نبوت بجز آنحضرتؐکی اجازت کے بند ہوچکی تھی اس واسطے ضروری تھا کہ اس کی عظمت کی وجہ سے وہ لفظ نہ بولا جاتا۔مَا كَانَ مُحَمَّدٌ اَبَاۤ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِكُمْ وَلٰكِنْ رَّسُوْلَ اللّٰهِ وَ خَاتَمَ النَّبِيّٖنَ (الاحزاب:۴۱) اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے جسمانی طور سے آپؐکی اولاد کی نفی بھی کی ہے اور ساتھ ہی روحانی طور سے اثبات بھی کیاہے کہ روحانی طور سے آپ باپ بھی ہیں اور رُوحانی نبوت اور فیض کا سلسلہ آپ کے بعد جاری رہے گا اور وہ آپ میں سے ہو کر جاری ہوگا نہ الگ طور سے۔وہ نبوت چل سکے گی جس پر آپ کی مُہر ہوگی۔ورنہ اگر نبوت کادروازہ بالکل بند سمجھا جاوے تو نعوذ باللہ اس سے تو انقطاعِ فیض لازم آتا ہے اور اس میں تو نحوست ہے اور نبیؐ کی ہتک شان ہوتی ہے۔گویا اللہ تعالیٰ نے اس اُمّت کو یہ جو کہا کہ كُنْتُمْ خَيْرَ اُمَّةٍ یہ جھوٹ تھا نعوذباللہ۔اگر یہ معنے کیے جاویں کہ آئندہ کے واسطے نبوت کا دروازہ ہر طرح سے بند ہے تو پھر خیر الامۃ کی بجائے شرالامم ہوئی یہ اُمت۔جب اس کو اللہ تعالیٰ سے مکالمات اورمخاطبات کا شرف بھی