ملفوظات (جلد 4)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 358 of 438

ملفوظات (جلد 4) — Page 358

ہمارا بھروسا خدا پر ہے ہما رے مخالف ہر طرف سے کوشش کرتے ہیں کہ ہما رے نا بود کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ہرقسم کی تدبیر یں اور منصوبے کرتے ہیں مگر ان کو معلوم نہیں کہ خدا تعالیٰ پہلے ہی ہم کو تسلّی دے چکا ہے مَكَرُوْا وَ مَكَرَ اللّٰهُ وَ اللّٰهُ خَيْرُ الْمٰكِرِيْنَ(اٰل عـمران: ۵۵)۔خدا کے ساتھ لڑکر کبھی کوئی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ان کا بھروسا اپنی تدابیر اور حیل پر ہے اور ہمارا خدا پر۔استقامت و صبر کوئی مشکل مشکل اور کوئی مصیبت مصیبت رہ سکتی ہی نہیں اگر کوئی شخص استقامت او رصبر اپنا شیوہ کرلے اور خدا تعالیٰ پرتوکّل اور بھروسا کرے۔خدا داری چہ غم داری نشانات کا ظہور نشانات جو ظاہر ہوتے ہیں یہ اسی طرح ظاہر ہوتے ہیں جیسے ایک بچہ پیدا ہوتا ہے۔ایک رات تک تو ماں خیال کرتی ہے کہ میں مَر جاؤں گی اور وہ دردِ زہ کی تکلیف سے قریب المرگ ہو جاتی ہے۔اسی طرح پرنبیوں کے نشان بھی مصیبت کے وقت ظاہر ہوتے ہیں۔نشان کی جڑدعا ہی ہوتی ہے یہ اسم اعظم ہے اور دنیا کاتختہ پلٹ سکتی ہے۔دعا مومن کا ہتھیا رہے اور ضرور ہے کہ پہلے ابتہال اور اضطراب کی حالت پیدا ہو۔۱ ۱ الحکم جلد ۷ نمبر۱۳ مورخہ ۱۰ ؍ اپریل ۱۹۰۳ء صفحہ ۳