ملفوظات (جلد 4) — Page 156
تھی اور دوسرے بھی جس قدر معاصی مثل شراب وغیرہ تھے ان تمام میں مَیں مبتلا تھا۔چند دن ہوئے کہ میں نے ایک ہندو سے اسی طرح ظلم کیا اور اس کے حقوق ضبط کئے رات کو جب میں سویا تو خواب میں کیا دیکھتا ہوں وہی ہندو میرے ساتھ کلام کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ یا تو خدا تجھے ہدایت کرے یا تجھے اس دنیا سے اٹھالیوے تاکہ ہم لوگ تیرے مظالم سے نجات پاویں اس کے بعد وہ نظر سے غائب ہو گیا اور میں نے دیکھا کہ آسمان سے ایک شعلہ نور کاگرا اور جس مکان میں مَیں تھا اس دروازے کی طرف آیا۔میں اٹھ کر اسے دیکھنے لگا تودیکھا کہ حضور (حضرت مسیح موعودؑ) کی شکل کا ایک آدمی ہے۔میں نے پوچھا کہ تمہارا نام کیا ہے؟ اس نے جواب دیا کہ کیا تو نام نہیں جانتا؟ اس کے بعد کہا کہ اب بس کر بہت ہوئی ہے پھر میں نے نام پوچھا تو بتلایا ’’میرزاغلام احمد قادیانی ‘‘ اس کے بعد میری آنکھ کھل گئی اور میں اپنے افعال اور کردار پر نادم ہوں اور اب اسی خواب کے ذریعہ آپ کے پاس آیا ہوں۔حضرت اقدس نے فرمایا کہ تم کو خدا نے خبردار کیا ہے کہ اپنی حالت بدل دو اور سمجھو کہ ایک دن موت آنی ہے۔خدا کا دستور ہے کہ وہ گنہگار کو بلا سزا دیئے نہیں چھوڑتا۔توبہ کرنے سے گناہ بخشے جاتے ہیں خدا تعالیٰ بہت ہی رحم کرنے والا ہے مگر سزا بھی بہت دینے والا ہے۔تمہاری فطرت میں کوئی نیکی ہوگی ورنہ عام طور پر اللہ تعالیٰ کی یہ عادت نہیں ہے کہ اس طرح سے خبر دیوے اس لیے اپنی زندگی کو بدلواور عادتوں کو ٹھیک کرو۔پھر اس تائب نے عرض کی کہ میرا ایک مقدمہ چودہ صد روپے کا داخل دفتر ہوگیا ہے مگر اس میں میرا حق بہت تھوڑاہے اب اسے برآمد کرائوں کہ نہ؟ فرمایا۔مدعا علیہ سے مل کر صلح کر لو۔۱ ۱ البدر جلد ۲ نمبر ۵ مورخہ ۲۰ ؍فروری ۱۹۰۳ء صفحہ۳۴، ۳۵