ملفوظات (جلد 3) — Page 447
یہ بھی ہے کہ بادشاہ تیرے کپڑوں سے برکت ڈھونڈیں گے۔مگر وہ وقت ابھی نہیں آیا۔سارا قرآن ہمارے ذکر سے بھرا ہوا ہے ابو سعید عرب صاحب آمدہ ازرنگون نے عرض کی کہ ایک صاحب برہما میں کہتے تھے کہ اگر میرزا صاحب صرف قرآن کی تفسیر لکھیں اور اپنے دعاوی کا ذکر اس میں ہرگز نہ کریں تو میں بہت سا روپیہ صرف کر کے اسے طبع کروا سکتا ہوں۔حضرت اقدس نے فرمایا کہ اگر کوئی ہم سے سیکھے تو سارا قرآن ہمارے ذکر سے بھرا ہوا ہے ابتدا ہی میں ہے صِرَاطَ الَّذِيْنَ اَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَيْهِمْ وَ لَا الضَّآلِّيْنَ (الفاتـحۃ : ۶، ۷) اب ان سے کوئی پوچھے کہ غَيْرِ الْمَغْضُوْبِ کونسا فرقہ تھا تمام فرقے اسلام کے اس پر متفق ہیں کہ وہ یہودی تھے اور ادھر حدیث شریف میں ہے کہ میری اُمّت یہودی ہو جاوے گی تو پھر بتلائو کہ اگر مسیح نہ ہوگا تو وہ یہودی کیسے بنیں گے۔متفرق امور مغرب و عشاء کی نماز ادا کر کے حضرت اقدس تشریف لے گئے اور پھر تھوڑی دیر کے بعد تشریف لائے آکر ایک صحابی کو فرمایا کہ اَللِّوَاء پر جو مضمون لکھاہے وہ مطبع میں چلا گیا ہے ایک دو کاپیاں نکلیں تو آپ کو دکھادیں گے۔شفقت کا نمونہ ایک صاحب کے دانت میں درد تھا اس کے لئے حضرت اقدس نے کارابارا (ایک بوٹی )طلب کرایا تھا وہ اندر مکان میں تھی جناب میر صاحب نے کہا کہ ان کے دانت میں درد ہے حضرت اقدس نے فرمایا کہ میں ابھی جا کر وہ سب بوٹی لا دیتا ہوں۔مریض نے کہا حضور کو زحمت ہوگی حضرت اقدس نے اس کے اوپر تبسم فرمایا اور کہا کہ یہ کیا تکلیف ہے۔اور اسی وقت اندر جا کر حضور وہ رومال لے آئے جس میں وہ بوٹی تھی اور مریض کے حوالہ کی۔