ملفوظات (جلد 3)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 363 of 594

ملفوظات (جلد 3) — Page 363

اس قدر ترقی ہورہی ہے کہ عقل حیران ہے اوراصل یہ ہے کہ اگر ہماری سعی اورکوشش سے کچھ ہوتا ہے توشاید شرک ہوتا۔اس لئے خدا تعالیٰ خود جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ممالک مغربی و شمالی میں جہاں ہم کو تین آدمیوں کابھی علم نہیں مردم شماری کے رُو سے نوسو سے زائد آدمی ہیں اوریہ جماعت اب ایک لاکھ سے بھی بڑھ گئی ہے۔یہ خدا تعالیٰ کے کام ہیں۔مخالف خود محرک ہو رہے ہیں بعض لوگوں کے خطوط آئے ہیں کہ محمد حسین کے رسالوں میں کوئی مضمون دیکھتے تھے ان سے معلوم ہوا کہ آپ حق پر ہیں اوربعض ایسے خطوط بھی آئے ہیں کہ کوئی فقیر ایک کتاب لایا تھا وہ کتاب چھوڑگیا اور اس کا پتہ نہیں۔غرض اس پر ذکر فرماتے رہے کہ مخالفوں نے ہر طرح سے مخالفت کی مگر خدا نے ترقی کی۔یہ سچائی کی دلیل ہے کہ دنیا ٹوٹ کر زور لگاوے اورحق پھیل جاوے۔اب ہمارے مقابل کونسا دقیقہ مخالفت کا چھوڑا گیا مگر آخر ان کوناکامی ہی ہوئی ہے یہ خدا کا نشان ہے اس میں دو چیزوں نے بڑی مدد دی۔طاعون نے بیعت کرنے والوں کو بڑھایااور مردم شماری نے تصدیق کی۔۱ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ حق کی یہ بھی ایک پہچان ہے اوراس کی شناخت کایہ ایک عمدہ معیار ہے کہ دنیا اپنے سارے ہتھیاروں سے اس کی مخالفت پر ٹوٹ پڑے جان سے، مال سے، اعضا سے، عزّت سے، اور اندرونی اوربیرونی لوگ اور اپنے اور پرائے گویا سب ہی اس کی مخالفت پر کھڑے ہوجاویں اور پھر وہ (حق) آگے ہی آگے قدم رکھتاجاوے اورکو ئی روک اس کی ترقی کو نہ روک سکے چنانچہ قرآن شریف میں ہے کہ فَكِيْدُوْنِيْ جَمِيْعًا ثُمَّ لَا تُنْظِرُوْنِ الـخ (ہود : ۵۶) سو اس معیار سے ہمارے سلسلہ کوپرکھا جاوے تو ایک طالب حق کے واسطے کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہتا۔دیکھ لو نہ ہماراکوئی واعظ ہے، نہ کوئی لیکچرار اور دشمن بھی کیااندرونی کیا بیرونی سب اکٹھے ہو کر ہمارے تباہ کرنے کی کوشش میں لگے رہے مگر اللہ تعالیٰ نے ہر میدان میں ہمیں کامیاب کیا اور دشمن