ملفوظات (جلد 3) — Page 266
دوسرے تباہ ہوتے ہیں تو پھر تو ان کو خوب ثبوت مل جائے گا کہ واقعی ہماری شامت سے آئی ہے اور اگر ٹیکہ لگوانے والے بھی ہلاک ہوں اور تم بھی ہلاک ہو پھر بھی تمیز کوئی نہیں رہتی۔اس لئے تبدیلیاں پیدا کرنی چاہئیں۔کشتی نوح میں مَیں نے بہت کچھ کہنا تھا مگر انشاء اﷲ پھر کسی دوسرے موقع پر لکھا جائے گا۔اتنا لکھا بھی کافی ہے۔مجھے یہ فکر ہے کہ وہ مثل نہ ہو ’’یکے نقصان مایہ ودیگر شماتت ہمسایہ‘‘۔ایک تو مَریں اور پھرجھوٹے کہلا کر مَریں۔اگر ایک طرف مخالفوں کی ہزار موت ہو تو نام نہ لیویں گے اور ہمارا ایک بھی مَرے تو ڈھول بجاویں گے۔خدا نے صورت تو نہیں دیکھنی اس نے دل دیکھنا ہے۔مگر لوگ تو ظاہر دیکھتے ہیں اور جس شخص کا نام رجسٹر بیعت میں ہے اسے جماعت میں خیال کرتے ہیں وہ تو رجسٹر میں صرف نام دیکھیں گے لیکن اگر خدا کے رجسٹر میں نام نہیں ہے تو ہم کیا کر سکیں گے۔خدا نے ترقی کاموقع خوب دیا ہے نفس کو لگام دینے کے لیے اس سے بڑھ کر اور کونسا وقت ہوسکتا ہے اس وقت سے غافل نہ رہنا چاہیے اور محنت کرنی چاہیے۔سالک اور مجذوب کی تعریف وہ انسان جو آپ محنت کرتا ہے اسے سالک کہتے ہیں اور جسے خود خدا دیوے وہ مجذوب ہوتا ہے۔اور جو سویا رہے تو اسے کوئی کیا کرے اِنَّ اللّٰهَ لَا يُغَيِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى يُغَيِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِهِمْ۔۱ بات سن کر صرف کان تک رکھنے سے فائدہ نہیں ہوتا جب تک دل کو خبر نہ ہو انسان ایک دو کاموں سے سمجھ لیتا ہے کہ میں نے خدا کو راضی کر لیا حالانکہ یہ بات نہیں ہوتی۔اطاعت کی حقیقت اطاعت ایک بڑا مشکل اَمر ہے صحابہ کرام کی اطاعت اطاعت تھی کہ جب ایک دفعہ مال کی ضرورت پڑی تو حضرت عمرؓ اپنے مال کا نصف لے