ملفوظات (جلد 2) — Page 86
۱۹؍ جنوری ۱۹۰۱ء استغفار کلیدِ ترقیات روحانی ہے ایک شخص نے اپنے قرض کے متعلق دعا کے واسطے عرض کی فرمایا۔استغفار بہت پڑھا کرو۔انسان کے واسطے غموں سے سُبک ہونے کے واسطے یہ طریق ہے۔۱ ایک شخص کو استغفار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ استغفار کلیدِ ترقیاتِ روحانی ہے۔۲ ۲۰؍ جنوری ۱۹۰۱ء قرآن شریف میں مسیح موعود اور اُس کی جماعت کا ذکر فرمایا۔قرآن شریف میں چارسورتیں ہیں جو بہت پڑھی جاتی ہیں۔اُن میں مسیح موعود اور اس کی جماعت کا ذکر ہے۔(ا) سورۃ فاتحہ جو ہر رکعت میں پڑھی جاتی ہے۔اس میں ہمارے دعوے کا ثبوت ہے جیساکہ اس تفسیر میں ثابت کیا جائے گا۔(۲) سورۂ جمعہ جس میں اٰخَرِيْنَ مِنْهُمْ (الـجمعۃ:۴) مسیح موعود کی جماعت کے متعلق ہے۔یہ ہر جمعہ میں پڑھی جاتی ہے۔(۳) سورۂ کہف جس کے پڑھنے کے واسطے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تاکید فرمائی ہے۔اس کی پہلی اور پچھلی دس آیتوں میں دجّال کا ذکر ہے۔(۴) آخر ی سورۃ قرآن کی جس میں دجال کا نام خَنَّاس رکھا ہے۔یہ وہی لفظ ہے جو عبرانی توریت میں دجّال کے واسطے آیا ہے۔یعنی نحاش נחש۔ایسا ہی قرآن شریف کے اَور مقامات میں بھی بہت ذکر ہے۔۳۱ الحکم جلد ۵ نمبر ۳ مورخہ ۲۴؍ جنوری ۱۹۰۱ ء صفحہ۱۱ ۲ الحکم جلد ۵ نمبر ۴ مورخہ ۳۱ ؍ جنوری ۱۹۰۱ء صفحہ ۱۱ ۳ الحکم جلد ۵ نمبر ۳ مورخہ۲۴؍ جنوری ۱۹۰۱ء صفحہ ۱۱