ملفوظات (جلد 2) — Page 513
دَآبَّةُ الْاَرْضِ ان لوگوںنے اپنی رائوں اور خیالوں کو داخل کر کے اصل امر کو بد نما بنانے کی کوشش کی ہے ان کی وہی مثال ہے مَا دَلَّهُمْ عَلٰى مَوْتِهٖۤ اِلَّا دَآبَّةُ الْاَرْضِ (سبا:۱۵) یعنی سلیمان کی موت پر دلالت کرنے والا کو ئی امر نہ تھا۔یہ ساری شرارت گویا دَآبَّةُ الْاَرْضِکی تھی کہ اس نے عصا کھا لیا اور وہ گر پڑا۔خدا تعالیٰ نے جو کچھ فرمایا ہے وہ سچ ہے۔یہ قصےّاور داستانیں نہیں ہیں بلکہ یہ حقائق اور معارف ہیں۔اسلا م راستی کاعصاتھاجو اپنے سہارے کھڑاتھا اور اس کے سامنے کوئی آریہ، ہندو،عیسائی دم نہ مارسکتاتھا لیکن جب سے یہ دَآبَّةُ الْاَرْضِ پیداہوئے اور اُنھوں نے قرآن کو چھوڑکر موضوع روایتوں پر اپنا انحصار رکھا۔اس کانتیجہ یہ ہوا کہ ہر طرف سے اسلام پر حملے ہونے شروع ہوگئے۔دَآبَّةُ الْاَرْضِ کے معنے اصل میں یہ ہیں کہ ایک دیمک ہوتی ہے جس میںکوئی خیر نہیں جو لکڑی اور مٹی وغیرہ کو کھا جاتی ہے۔اس میںفنا کامادہ ہے اور اچھی چیز کو فناکرنا چاہتی ہے۔اس میںآتشی مادہ ہے اب اس کا مطلب یہ ہے کے دَآبَّةُ الْاَرْضِ اِس وقت کے علماء ہیں جو جھوٹے معنے کرتے ہیں اور اسلام پر جھوٹے الزام لگاتے ہیں۔جیساکہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی عظمت کو حد سے بڑھاتے ہیں اور اُن کو خدا تعالیٰ کی صفات سے متصف قرار دیتے ہیںجبکہ اُن کو محی اور شافی، عالم الغیب، غیر متغیر وغیرہ مانتے ہیں اور ایسا ہی اسلام پر یہ جھوٹاالزام لگاتے ہیں کہ وہ تلوار کے بدوں نہیں پھیلا۔بھوپال کے ایک مُلّابشیر نے مجھے دجّال کہا حالانکہ یہ لوگ خود دجّال ہیںجو مجھے کہتے ہیں کیونکہ وہ حق کو چھپاتے ہیں اور اسلام کو بد نام کرتے ہیں۔غرض عصائے اسلام جس کے ساتھ اسلام کی شوکت اور رعب تھا اور جس کے ساتھ امن اور سلامتی تھی اس دَآبَّةُ الْاَرْضِ نے گرادیاہے۔پس جیسے وہ دَآبَّةُ الْاَرْضِ تھا۔۱ ۱ دَآبَّةُ الْاَرْضِ کے ایک معنے طاعون کے بھی ہیں جیسا کہ قرآن شریف کی اس آیت سے معلوم ہوتا ہے وَ اِذَا وَقَعَ الْقَوْلُ عَلَيْهِمْ اَخْرَجْنَا لَهُمْ دَآبَّةً مِّنَ الْاَرْضِ تُكَلِّمُهُمْ١ۙ اَنَّ النَّاسَ كَانُوْا بِاٰيٰتِنَا لَا يُوْقِنُوْنَ ( النمل : ۸۳ ) یعنی جب لوگوں پر حجت پوری ہوجائے گی تو ہم ان کے لیے زمین سے ایک کیڑا نکالیں گے جو لوگوں کو اس واسطے کاٹے گا کہ وہ خدا تعالیٰ کے نشانوں پر ایمان نہیں لاتے تھے۔تُكَلِّمُهُمْ کے معنے اقرب الموارد میں صاف کاٹنے کے کہتے ہیں۔(ایڈیٹر)