ملفوظات (جلد 10) — Page 3
احمدی نام کی وجہ ذکر آیا کہ بعض لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ مرزا صاحب نے اپنی جماعت کا ایک الگ نام احمدی کیوں رکھ لیا ہے؟ فرمایا۔یہ نام تو صرف شناخت کے واسطے ہے جیسا کہ مسلمانوں میں بہت سے فرقے ہیں۔کوئی اپنے آپ کو حنفی کہتا ہے کوئی شافعی کوئی اہلحدیث وغیرہ۔چونکہ اس وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جمالی نام احمد کا ظہور ہو رہا ہے اس واسطے اس جماعت کا (نام) احمدی ہوا۔اور یہ نام اسی زمانہ اور اسی جماعت کے واسطے مقدر تھا اس سے پہلے اگر چہ بعض ایسے آدمی ہوئے جو کسی جماعت کے امام بنے اور ان کے نام میں احمد کا لفظ تھا مگر کبھی خدا تعالیٰ نے کسی جماعت کا (نام) احمدی نہ ہونے دیا۔مثلاً امام احمد بن حنبل تھے ان کی جماعت حنبلی کہلائی۔سید احمد بریلوی تھے تو ان کی جماعت مجاہدین کی کہلائی۔سید احمد علیگڈھ کے تھے تو اُن کے ہم خیال نیچری کہلائے۔علی ہذا القیاس اور کسی کا نام کبھی احمدی نہیں ہوا۔۱ بلا تاریخ ڈاکٹروں کے لیے عبرت کے مواقع مختلف قسم کی بیماریوں کا ذکر تھا۔فرمایا۔ڈاکٹروں کے واسطے عبرت کے نظاروں سے فائدہ حا صل کرنے کے لئے بہت موقع ہوتا ہے۔قسم قسم کے بیمار آتے ہیں۔بعض کے ہاتھ پاؤں کاٹ دئیے جاتے ہیں۔بعض کی ایسی حالت ہوتی ہے کہ شدت بیماری کے سبب لَا مِنَ الْاَحْیَآءِ وَلَا مِنَ الْاَمْوَاتِ۔نہ زندوں میں داخل نہ مُردوں میں۔لیکن ایسے نظاروں کو کثرت کے ساتھ دیکھنے سے سخت دلی بھی پیدا ہو جاتی ہےاور ضروری بھی ہے۔کیونکہ نرم دل اور رقیق القلب ایسا کام نہیں کر سکتا کیونکہ سر جری کا کام بہت حوصلے کا کام ہے۔۱ بدر جلد ۶ نمبر ۴۵ مورخہ ۷؍نومبر ۱۹۰۷ءصفحہ ۷