مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 542 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 542

مکتوب بنام ایڈیٹر صاحب اخبار عام (اخبار عام کے لئے یہ ہمیشہ فخر رہے گا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام آخری وقت تک اس کے خریدار تھے۔اوریہ عزت و شرف بھی اس کے حصہ میں آیا کہ آپ کا آخری مکتوب اسی روز شائع ہوتاہے جبکہ حضور علیہ السلام اپنے مولیٰ کریم کی طرف مرفوع ہو چکے تھے۔اس خط کی تحریر اور اشاعت کا باعث یہ ہوا کہ:۔۱۷؍ماہ مئی ۱۹۰۸ء کو بمقام لاہور جلسہ دعوت پر جو تقریر حضرت اقدس نے فرمائی تھی۔اس تقریر کی بنا پر یہ غلط خبر پرچہ اخبار عام ۲۳؍مئی ۱۹۰۸ء میں شائع ہوئی کہ آپ نے اس جلسہ دعوت میں دعوائے نبوت سے انکار کیا ہے۔تواسی روز حضور نے ایڈیٹر اخبار مذکور کی طرف ایک خط لکھا۔جس میں اس غلط خبر کی تردید کی۔چنانچہ حضرت اقدس کا وہ خط یہ ہے) جناب ایڈیٹر صاحب! اخبار عام پرچہ اخبار عام ۲۳؍مئی ۱۹۰۸ء کے پہلے کالم کی دوسری سطر میں میری نسبت یہ خبر درج ہے۔کہ گویا میں نے جلسہ دعوت میں نبوت سے انکار کیا۔اس کے جواب میں واضح ہو کہ اس جلسہ میں مَیں نے صرف یہ تقریر کی تھی کہ میں ہمیشہ اپنی تالیفات کے ذریعہ سے لوگوں کو اطلاع دیتا رہا ہوں۔اوراب بھی ظاہر کرتا ہوں کہ یہ الزام جو میرے ذمہ لگایا جاتا ہے کہ گویا میں ایسی نبوت کا دعویٰ کرتا ہوں۔جس سے مجھے اسلام سے کچھ تعلق باقی نہیں رہتا۔اور جس کے یہ معنی ہیں کہ میں مستقل طورپر اپنے تئیں ایسا نبی سمجھتا ہوں کہ قرآن شریف کی پیروی کی کچھ حاجت نہیں رکھتا۔اوراپنا علیٰحدہ کلمہ اور علیٰحدہ قبلہ بناتا ہوں اورشریعت اسلام کو منسوخ کی طرح قرار دیتا ہوں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اقتدار اورمتابعت سے باہر جاتا ہوں یہ الزام صحیح نہیں