مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 477
امید ہے کہ وہ آپ کی پوری پوری تسلی کرنے کے لئے مجھے مدد دے گا میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ پانچ ماہ کے عرصہ تک ایک ایسا رسالہ جو قرآنی تعلیموں اور اصولوں کا آئینہ ہو تالیف کرکے اور پھر عمدہ ترجمہ انگریزی کراکر اور نیز چھپوا کر آپ کی خدمت میں بھیج دوں گا جس پر قوی امید ہے کہ آپ جیسے منصف اور زیرک اور پاک خیال کو اتفاق رائے کے لئے مجبور کرے گا اور انشراح صدر اور قوت یقین اور ترقی معرفت کا موجب مگر شاید کم فرصتی سے یہ موجب پیش آجائے کہ میں ایک ہی دفعہ ایسا رسالہ ارسال خدمت نہ کرسکوں تو پھر اس صورت میں دو یا تین دفعہ کرکے بھیجا جائے گا اور پھر اسی رسالہ پر موقوف نہیں بلکہ آپ کی رغبت پانے سے جیسا کہ میں امید رکھتا ہوں اس خدمت کو تا بحیات اپنے ذمہ لے سکتا ہوں آپ کے محبانہ کلمات مجھے یہ بشارت دیتے ہیں کہ میں جلد تر خوشخبری سنوں کہ آپ کی سعادت فطرتی نے حقانی ہدایت لینے کے لئے نہ صرف آپ کو بلکہ امریکہ کے بہت سے نیک دل لوگوں کو دعوت حق کی طرف کھینچ لیا ہے۔اب میں زیادہ تصدیع دینا نہیں چاہتا اور اپنے اخلاص نامہ کو اس دعا پر ختم کرتا ہوں کہ الٰہُ العالمین جانبین کو آفات ارضی و سماوی سے محفوظ رکھ کر ان ہماری مرادوں کو انجام تک پہنچا دے کہ سب طاقت اور قوت اسی کو ہے۔آمین۔٭ ۴؍ اپریل ۱۸۸۷ء آپ کا دلی محب اور خیر خواہ غلام احمد از قادیان ضلع گورداسپور ملک پنجاب