مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 476
چاہتا ہوں وہ ضرور آپ مجھے سکھاتے تاہم امید قوی رکھتا ہوں کہ اگر میں خدا کی محبت کے لائق ہونے کی طلب میں رہوں گا تو بے شک وہ کوئی نہ کوئی ایسا طریق نکال دے گا۔مبارک ہو اس کا پاک نام۔اب امیدوار ہوں کہ پھرآپ سے کچھ اور حال سنوں۔اور اگرچہ جسمانی ملاقات حاصل نہ ہوسکے تاہم روحانی ملاقات نصیب ہو آپؔ پر اور آپ کے کلمات سننے والوں پر خدا کا فضل ہو۔دعا کرتا ہوں کہ تمام آپ کی امیدیں اور تدبیریں پوری ہوں۔زیادہ آداب و نیاز۔٭ آپ کا نیاز مند الگزنڈر آر۔ویب سینٹ لوئیس مسوری ۳۰۲۱۔ایسٹن ایونیو۔امریکہ ــــ--------------------- (یہ اس خط کی نقل ہے جو بجواب چٹھی مندرجہ بالا بھیجا گیا) مکتوب صاحب من آپ کی چٹھی جو دل کو خوش اور مطمئن کرنے والی تھی مجھ کو ملی جس کے پڑھنے سے نہ صرف زیادت محبت بلکہ میری وہ مراد بھی جس کے لئے میں اپنی زندگی کو وقف سمجھتا ہوں (یعنی یہ کہ میں حق کی تبلیغ انہیں مشرقی ممالک میں محدود نہ رکھوں بلکہ جہاں تک میری طاقت ہے امریکہ اور یورپ کے ملکوں میں بھی جنہوں نے اسلامی اصول کے سمجھنے کے لئے اب تک پوری توجہ نہیں کی اس پاک اور بے عیب ہدایت کو پھیلائوں) کسی قدر حاصل ہوتی نظر آتی ہے سو میں شکر گزاری سے آپ کی درخواست کو قبول کرتا ہوں اور مجھے اپنے خداوند قادر مطلق پر جو میرے ساتھ ہے قوی