مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 269 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 269

مکتوب نمبر۲ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ محبیّ اخویم سید محمد عبد الواحد صاحب سلّمہ تعالیٰ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔میں د۲و تین۳ ہفتہ سے پھر بیمار ہوں۔اس لئے کام چھپوائی کتاب کا ابھی شروع نہیں کر سکا۔آپ کے نئے اعتراض بھی میری نظر سے گزرے۔خدا تعالیٰ آپ کو تسلیّ بخشے۔آمین۔میں اگر ان اعتراضات کا بھی جواب لکھوں تو طول بہت ہو جائے گا۔اور میں اپنی متفرق کتابوں میں ان کا جواب دے چکا ہوں۔میں نے یہ تجویز سوچی ہے کہ جس طرح ہو سکے آپ ایک ماہ کی رخصت لے کر اس جگہ آجائیں۔آمدورفت کا تمام کرایہ میرے ذمہ ہو گا۔اس صورت میں ایک ماہ کے عرصہ میں آپ پوری تسلیّ سے سب کچھ دریافت کر سکتے ہیں۔انشراح صدر خدا تعالیٰ کے اختیار میں ہے لیکن اپنی طرف سے ہریک بات سمجھا دی جائے گی اور اگر کوئی بات خدانخواستہ سمجھ نہ آوے تو مقام افسوس نہ ہو گا اور اس صورت میں آپ اس تمام کتاب کو جس میں آپ کے اعتراضات کا جواب ہے قبل از اشاعت دیکھ سکتے ہیں۔میرے نزدیک یہ نہایت عمدہ طریق ہے۔آپ یہ خیال نہ کریں کہ مجھے خرچ آمدورفت کے بھیجنے میں کچھ تکلیف ہو گی۔کیونکہ آپ کی تحریر میں رُشد اور سعادت کی بوُ آتی ہے اور آپ جیسے رشید کے لئے کچھ مال خرچ کرنا موجب ثواب اور اجر آخرت ہے۔جواب سے ضرور مطلع فرماویں۔٭ ۲۴؍جنوری ۱۹۰۶ء والسلام راقم مرزا غلام احمد عفی اللہ عنہ ٭ روزنامہ الفضل قادیان جلد۳۴ نمبر ۱۳۷ مورخہ ۱۲؍جون ۱۹۴۶ء صفحہ ۲