مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 201 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 201

مکتوب نمبر۲۶ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ آپ جلد مجھے اِس بات سے اطلاع دیں کہ یورپ یا امریکہ کے عیسائیوں میں سے کوئی ایسا آدمی یا چند آدمی ہیں۔جو ہمارے سلسلے میں داخل ہوئے اور صاف لفظوں میں اس کا اظہار کیا۔ان کا نام پورا معہ سکونت خوشخط اردو میں ابھی بھیج دیں۔ضرورت ہے۔والسلام مرزا غلام احمد عفی عنہ --------------------- بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مرشدنا و مہدینا مسیح موعود و مہدی معہود ؑ السلام علیکم و علیٰ من لدیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ (۱) کل گولی ایک بجے کھائی تھی۔کوئی ایک گھنٹہ کے بعد خفیف سا بخار ہوا۔شام کے قریب ذرا زیادہ ہوا۔اور رات کو تھوڑا تھوڑا رہا۔مناسب ہو تو گولی پھر مرحمت فرماویں۔(۲) دوسری گذارش یہ ہے کہ میں نے سُنا ہے کہ پیر سراج الحق چند ماہ کے واسطے اپنے وطن کو جاتے ہیں۔حضور کو معلوم ہے۔جو تکلیف مکان کی مجھے ہے۔اگر حکم ہوتو اُن کی واپسی تک یہ عاجز اس مکان میں رہے۔والسلام ۲۱؍دسمبر ۱۹۰۴ء حضور ؑکی جوتیوں کا غلام عاجز محمد صادق عفی اﷲ عنہ مکتوب نمبر۲۷ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ اگر صاحبزادہ پیر سراج الحق صاحب جاتے ہیں تو کچھ مضائقہ نہیں۔آپ اس مکان میں آجائیں اور سُنا ہے کہ سری ناتھ مکان خرید کر دہ کو بیچتا ہے۔آپ بطور خود دریافت کریں کہ کیا یہ سچ ہے کہ کس قدر قیمت پر بیچتا ہے۔والسلام مرزا غلام احمدعفی عنہ