مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 188
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَ نُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ حضرت اقدس مرشدنا و مہدینا مسیح موعود ومہدی معہود ؑ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ ایک شخص بسنت سنگھ نام ذیلدار ڈلّہ ایک پروانہ سرکاری لے کر سب لوگوں سے لکھاتا پھرتا ہے کہ وہ کہاںکے باشندے ہیں۔یہاں کیوں سکونت اختیار کی ہے۔کیا کام کرتے ہیں۔ایک فہرست تیار کر رہا ہے۔احباب نے لکھ دیا ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں رہنے کے واسطے یہاں سکونت پذیر ہیں اور فلاں فلاں کام کرتے ہیں۔غالباً یہ ضلع کی ایک معمولی فہرست ہے۔اطلاعاً گذارش ہے۔۳؍مئی ۱۹۰۳ء حضور ؑکی جوتیوں کا غلام عاجز محمد صادق مکتوب نمبر ۱۴ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ یہ دریافت کرنا چاہئیے کہ وہ تحصیلدار بٹالہ کا پروانہ ہے یا ڈپٹی کمشنر کا۔تااصل حال معلوم ہو سکے اور دوسرے یہ ضرور لکھنا چاہئیے کہ ہماری جماعت میں دو قسم کے آدمی ہیں۔بعض تو وہ ہیں کہ مُرید ہو کر اپنے وطن چلے جاتے ہیں اور بعض نے اسی جگہ قادیان میں سکونت مستقل کر لی ہے۔اور جو لوگ چلے جاتے ہیں اِسی طرح آمد رفت اُن لوگوں کی جاری رہتی ہے۔کوئی آتا ہے اور کوئی چلا جاتا ہے۔اور ایسے لوگ جو مُرید ہوتے ہیں اُن کے ناموں کو یاد رکھنے کے لئے یہاں ایک رجسٹر رکھا رہتا ہے اور ایک شخص ان کے لکھنے پر مقرر ہے۔والسلام خاکسار مرزا غلام احمدعفی عنہ