مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 112 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 112

مکتوب نمبر۱ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ محبیّ مشفقی اخویم حکیم محمد حسین صاحب قریشی سلمہُ اللہ تعالیٰ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ آپ کا عنایت نامہ پہنچا آپ کے لخت جگر محمد بشیر کا واقعہ وفات درحقیقت سخت صدمہ تھا۔اللہ تعالیٰ آپ کو اور اس مرحوم بچہ کی ماں کو صبر عطا فرماوے اور نعم البدل عطا فرماوے۔آمین ثم آمین۔اے عزیز ! دنیا ہر ایک مومن کے لئے دارالامتحان ہے۔خدا تعالیٰ آزماتا ہے کہ اس کی قضا وقدر پر صبر کرتے ہیں یا نہیں۔بچہ والدین کے لئے فرط ہوتا ہے۔یعنی ان کی نجات کے لئے پیش خیمہ ہوتا ہے۔چاہیے کہ ہمیشہ درود شریف (جو درود یاد ہو) اور نیز استغفار (جو استغفار یادہو) آپ دونوں پڑھا کریں۔میں نے بہت دعا کی ہے کہ خدا تعالیٰ سلامتی ایمان اور اس بچہ کا بدل بخشے اور امید کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس دعا کو منظور فرماوے۔باقی سب خیریت ہے۔والسلام ۱۴؍جنوری ۹۸ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر۲ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ محبیّ اخویم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اس وقت بموجب تاکید والدہ محمود لکھتا ہوں کہ آپ مبارکہ میری لڑکی کے لئے ایک قمیص ریشمی یا جالی کی جو چھ روپے قیمت سے زیادہ نہ ہو اور گوٹہ لگا ہوا ہو۔عید سے پہلے طیار کرا کر بھیج دیں۔قیمت اس کی کسی کے ہاتھ بھیج دی جاوے گی یا آپ کے آنے پر آپ کو دی جاوے گی۔رنگ کوئی ہو مگر پارچہ ریشمی یا جالی ہو۔اندازہ قمیص کا آپ کی لڑکی زینب کے اندازہ پر ہو۔والسلام ۱۴؍ فروری ۱۹۰۴ء خاکسار مرزا غلام احمدعفی عنہ