مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 85
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ایک غیرمطبوعہ مکتوب ذیل میں درج کیا جاتا ہے۔یہ شیخ ابراہیم صاحب مرحوم کے جواب میں حضور انور نے پیرسراج الحق صاحب نعمانی سے لکھوا کر بھجوایا تھا۔یہ مضمون ڈاک خانہ کے پرانے طرز کے چھوٹے سائز کے ایک کارڈ پر مرقوم ہے۔اصل کارڈ مکتوب الیہ کے فرزند سیٹھی خلیل الرحمن صاحب کے پاس محفوظ ہے۔خاکسار فضل حسین کارکن صیغہ تالیف وتصنیف مکتوب بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ حضرت امام علیہ السلام فرماتے ہیں کہ تمہارا اضطراب نامہ پہنچا۔تم اصحاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ ٖ و سلم کے حالات پُرازتکالیف دیکھو کہ ان پر کیا کیا گزری۔مال علیٰحدہ رہا، جان کی بھی مشکلات پڑگئی۔تمہاری کیا تکلیف ذرا سی تکلیف، وہ بھی نہیں جھیلی جاتی۔آپ درود واستغفار کا ورد کریں۔لاحول بکثرت پڑھیں۔خدا سے اخلاص اور عبودیت پیداکریں۔صبر کو کام میں لاویں۔اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الصَّابِرِیْنَ ۱؎پر نگاہ غور کریں۔کیا حضرت رسول اللہ کے وقت میں ریل جاری تھی یا یکّے چلتے تھے۔وہ بھی توبندۂ خدا تھے۔ہزاروں سینکڑوں کوسوں کاسفر پیدل کرتے تھے۔وہی خصلتیں پیدا کرو۔وہی عادات اختیار کرو۔اِنَّ اللّٰہَ غَفُوْرٌ رَّحِیْم۲؎۔ہم بھی دعاکریں گے۔فقط ٭ ۱۶؍ مئی ۹۴ء والسلام علیکم کتبہ باذن حضرت امام ہمام الکاتب سراج الحق از قادیان پنجاب ۱؎ البقرۃ : ۱۵۴ ۲؎ الممتحنۃ : ۱۳ ٭ الفضل نمبر ۱۷۸ جلد ۳۴ مورخہ ۳۱؍ جولائی ۱۹۴۳ء صفحہ ۳