مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 45 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 45

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ سیدی! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ حضور نے غلام کی ہمشیرہ امۃ الرحمن کے رشتہ کے لئے اپنے رشتہ داروں میں کوشش کرنے کے لئے فرمایا تھا۔سو عاجز نے مطابق حکم حضور اپنے قبیلہ میں ہرچند کوشش کی ہے کوئی صورت خاطر خواہ میسر نہیں آئی۔جو خواہاں ہیں وہ حضور کے مخالف ہیں مخالفوں سے تعلق قائم کرنا پسند نہیں۔عاجز کی گزارش ہے کہ اس معاملہ کو زیادہ عرصہ تک ملتوی نہ رکھا جائے۔حضور جس جگہ مناسب سمجھیں تجویز فرماویں۔عاجز کو کل جناب نواب صاحب۱؎ نے بھی جلدی فیصلہ کرنے کی تاکید کی ہے اور دیر کو بہت مکروہ خیال کیا ہے۔چند آدمیوں کا انہوں (نے۲؎ )نام بھی لیاہے اور ان کی شرافت کی بہت تعریف کی ہے۔اُن میں سے ایک اخویم احمد نور صاحب کابلی ہیں۔احمد نور صاحب کی طرف کبھی کبھی والد صاحب مرحوم بھی خیال کیا کرتے تھے مگر محض لِلّٰہ۔حضور جیسا مناسب جانیں اور جہاں بہتر سمجھیں تجویز کر دیں مگر جلدی فیصلہ ہونا ضروری ہے۔عاجز کا اور ہمشیرہ امۃ الرحمن کا اس بات پر کامل ایمان ہے کہ حضور کے فیصلہ میں نور اور برکت ہوگی۔مورخہ ۳۰؍ جولائی ۱۹۰۴ء والسلام حضور کی جوتیوں کا غلام عبدالرحیم ولد قاضی ضیاء الدین صاحب مرحوم ۱؎ مراد حضرت نواب محمد علی خاں صاحب ؓ آف مالیر کوٹلہ۔(مرتب) ۲؎ خطوط و حدانی کا لفظ خاکسار مرتب کی طرف سے ہے۔