مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 249 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 249

مکتوب نمبر۱۱۴ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْم محبیّ عزیزی ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب سلمہ‘ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کا کارڈمرسلہ پہنچ گیا۔جَزَاکُمُ اللّٰہُ خَیْرَالْجَزَائِ۔اس وقت آپ کو اس کام کے لئے تکلیف دیتاہوں کہ آپ مجھے ایک عمدہ عطر فتنہ کا بھیج دیں اور نیز یہ تحقیق کر یں کہ آیا لکھنؤ میں عطر مشک بھی ہوتا ہے یا نہیں میں نے بہت تلاش کیا وہ نہیں ملتا اور اگر وہ ہو تو وہ میرے مزاج کے بہت موافق ہے اور پھر اس کے بعد یہ کہ عطر عنبر بھی ہوتا ہے یا نہیں اگر موجود ہوں تو مجھے مطلع فرماویں۔تا تین۳ تین۳ ماشہ ان دونوں میں سے منگوالوں۔باقی سب خیریت ہے۔اشتہار پہنچ گئے ہوں گے۔والسلام ۱۸ ؍جنوی ۱۹۰۸ء خاکسار مرزا غلام احمد عفی عنہ مکتوب نمبر۱۱۵ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّی عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْم السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ کا محبت نامہ پہنچا۔اسجگہ بفضلہ تعالیٰ تادم تحریر خط ھٰذا ہر طرح سے خیریت ہے۔خدا تعالیٰ آپ کو خوش و خرم رکھے۔آمین۔آپ کی منظوری رخصت کی بہت انتظار ہے۔خدا تعالیٰ اپنا ایسا فضل و کرم کرے کہ رخصت منظور ہو جائے۔جس کتاب کو میں تالیف کر رہا ہوں وہ بھی اب قریب الاختتام ہے۔شائد مئی ۱۹۰۸ء تک ختم ہو جائے۔معلوم نہیں کہ فرخ آباد میں کسی کو ہمارے سلسلہ کی اطلاع ہے یا نہیں۔آپ کے لئے خوب موقعہ ہے کہ کچھ نہ کچھ تخم ریزی کر آویں۔