مکتوبات احمد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 235 of 590

مکتوبات احمد (جلد چہارم) — Page 235

مکتوب نمبر۹۱ژ بِسْمِ اللّٰہِ محبیّ اخویم ڈاکٹر خلیفہ رشید الدین صاحب سلّمہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔گھر میں یہ بات منظور کرلی ہے کہ چند ماہ توقف کی جائے لیکن چونکہ بعض وجوہ کے سبب سے اکتوبر کے مہینہ سے زیادہ توقف کرنا مصلحت نہیں ہے اس لئے اس کارِ خیر کے لئے یکم اکتوبر سے ۷؍ اکتوبر تک جو تاریخ آپ پسند کریں۔تجویز کی گئی۔اوّل ضروری وجہ یہ ہے کہ یہ شادی بحاضری سید محمد اسماعیل ماموں محمود احمد کے ہونی چاہئے اور اب وہ تعطیلوں کی تقریب سے۱۴؍ اکتوبر تک قادیان میں ہیں اور پھرلاہور چلے جائیں گے۔(۲) یہ بھی اندیشہ ہے کہ پھر طاعون شروع نہ ہو جائے کیونکہ اکتوبر سے اندیشہ ہے۔اندیشہ ہے۔(۳) تیسرے یہ کہ گھر میں ایام حمل معلوم ہوتے ہیں۔اب غالباً تیسرا مہینہ ہے اور ان کی عادت ہے کہ چھٹے ماہ سے کچھ تکلیف اور سستی پھر گھبراہٹ شروع ہوجاتی ہے۔اس لئے وہ مہینے اس کام کے لئے بالکل موزوں نہیں ہیں۔میری دانست میں کسی قدر سا مان مہیا کرنے کے لئے یہ ڈھائی ماہ کافی ہیں۔دوسرے یہ دریافت طلب امر ہے کہ آپ کا کیا ارادہ ہے کیا شادی لاہور میں ہونی چاہئے یا رُڑکی میں آپ برادری وغیرہ کا ہریک پہلو سوچ کر اس کا جواب دیں۔باقی ہر طرح سے خیریت ہے۔۱۹ ؍جولائی ۱۹۰۲ء الراقم مرزا غلام احمد عفی عنہ