مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 88 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 88

مکتوب نمبر۵۴ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الکَرِیْمِ مخدومی احبّ الاخوان ای مولوی حکیم نورالدین صاحب، کان اللہ معکم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آنمکرم کی طرف سے دیر کر کے پرسوں تار پہنچی۔خط کوئی نہیں پہنچا۔یہ عاجز ایک روز سخت بیمار ہو گیا۔مگر اللہ جلشانہٗ کے فضل و رحم سے اب مجھے صحت ہے۔مجھے اپنی ذاتی ضرورت کیلئے ایک سَو روپیہ کی حاجت ہے۔اگر حرج نہ ہو اور بآسانی میسر آ سکے تو ارسال فرما ویں۔مولوی خدا بخش صاحب کے خط آتے ہیں کہ قرضہ کے طور پر ہی کچھ مل جاوے۔معلوم نہیں آپ کی ملاقات کب تک ہو سکتی ہے۔اکثر لوگوں کو پراگندہ اور سرد مہر دیکھتا ہوں۔ایک آپ ہیں جن کواللہ تعالیٰ نے ذوق محبت بخشا ہے۔فالحمدللّٰہ علی ذالک میں نے پہلے آپ سے نو سَو روپیہ لیا تھا۔اب اس کے ساتھ ایک ہزار روپیہ ہو جائے گا۔چار سَو روپیہ آپ سے پھر دوسرے وقت میں انشاء اللہ القدیر لوں گا۔دوستوں اور مخلصوں کو تکلیف دینا میرا کام نہیں۔بالخصوص آپ جیسے دوست مخلص یک رنگ کو۔سو جیسا کہ مسنون ہے۔یہ ہزار روپیہ اور جو باقی لوں بطور قرضہ کے ہے اور یقین رکھتا ہوں کہ بہت آسانی سے ادا ہو جائے گا۔۱؎ کی رو سے آنمکرم کو ثواب حاصل ہوگا۔دماغ اس عاجز کا بباعث سخت بیماری بہت کمزور ہو گیا ہے۔شاید بیس روز تک قوت ہو۔اس لئے ابھی کسی محنت کے لائق نہیں۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۲۰؍ نومبر ۱۸۸۹ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ