مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 648
مکتوب نمبر ۲۷۴ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔چونکہ آپ کی تحریر سے معلوم ہوا ہے کہ وہ سر دفتر صاحب جن کی لڑکی سے رشتہ کی درخواست ہے کچھ متلون مزاج اور تیز مزاج ہے۔اس لئے مناسب معلوم ہوتا ہے کہ آپ خاص طور پر پہلے ان سے کھلے کھلے طور پر تذکرہ کرلیں۔کہ چھوٹی لڑکی سے ناطہ ہوگااورنیز یہ کہ شریعت کی پابندی سے نکاح ہوگا۔کوئی اسراف کا نام نہیں ہوگا۔شریفانہ رسموں میںسے جو کپڑے زیور کی ان کے خاندان میں رسم ہو۔اس سے وہ خود اطلاع دے دیں۔تا وہ تیار کیا جاوے اور ان سے پختہ اقرار لے لیں کہ وہ اس پر قائم رہیں اور نیز یہ قابل گذارش ہے کہ اگر میں اس جگہ سے کوئی عورت بھیجوں تو وہ حجام عورت ہوگی اور وہ اکیلی نہیں آسکتی۔کیونکہ جوان عورت ہوگی۔اس کے ساتھ اس کا خاوند جاوے گا اور اس اُجرت میں سات معہ آٹھ روپیہ اس کو دینے پڑیں گے اور دو۲ آدمیوں کے آنے جانے کا دوروپیہ یکہ کا کرایہ ہوگا۔اور چھ سات روپیہ ریل کا کرایہ دوآدمیوں کی آمدو رفت کا ہوگا۔غرض اس طرح ہمیں قریباً بیس روپے خرچ کرنے پڑیں گے۔لیکن اگر آپ انبالہ سے کسی عورت کو میری طرف سے تین چار روپیہ دے دیں تاوہ لڑکی کو دیکھ کر دیانت سے بیان کردے۔تو خرچ کی کفایت رہے گی۔ہم تو اس قدر خرچ کرنے کو تیار ہیں لیکن ایسا نہ ہو کہ گورداسپورہ کے معاملہ کی طرح سب کچھ خرچ ہو کر پھر ان کی طرف سے جواب ہوجاوے۔آپ مہربانی فرما کر یہ کوشش کریں کہ کوئی حجام عورت جو دیانت دار معلوم ہو۔اسے کچھ دے کر بھیج دیں۔وہ کل حلیہ بیان کردے کہ آنکھیں کیسی ہیں۔ناک کیسا ہے۔گردن کیسی ہے۔یعنی لمبی ہے یا کوتہ۔اور بدن کیساہے۔فربہ یا لاغر۔منہ کتابی چہرہ ہے۔یا گول۔سرچھوٹا ہے یا بڑا۔قد لمبا ہے یا کوتہ۔آنکھیں کپری ہیں یا سیاہ۔رنگ گورہ ہے یا گندمی یا سیاہ۔منہ پر داغ چیچک ہیں یا نہیں یا صاف۔غرض تمام مراتب جن کے لئے یہاں سے کسی عورت کو بھیجنا تھا بیان کردے اور دیانت سے بیان کرے اس سے ہمیں فائدہ ہوگا چونکہ اس کا مجھے زیادہ فکر ہے۔میری طرف سے یہ خرچ دیا جاوے۔میں تو اب