مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 591
مکتوب نمبر ۲۰۰ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آپ کا عنایت نامہ پہنچا۔عزیزی غلام مصطفی کے لئے دعا کی گئی۔خدا تعالیٰ اس کو کامیاب کرے۔آمین۔انشاء اللہ القدیر پھر بھی دعا کروں گا۔امید کہ اپنے حالات خیریت آیات سے مطلع و مسرور الوقت فرماتے رہیں گے۔نیا رسالہ ابھی طبع ہوکر نہیں آیا۔باقی سب خیریت ہے۔والسلام ۲۰؍جولائی ۱۸۹۲ء خاکسار غلام احمد از قادیان مکتوب نمبر ۲۰۱ ملفوف بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔آپ کاعنایت نامہ پہنچا۔آپ جانتے ہیں کہ آپ کا اس عاجز سے محض للہ دلی تعلق اور محبت ہے اور یہ عاجز آپ کے ہر ایک تردّد کے ساتھ متردّد اور ہر ایک غم کے ساتھ غمگین ہوتا ہے۔پھر کیونکر آپ کی دعا میں غفلت ہو۔اللہ تعالیٰ آپ پر رحم کرے اور آپ کے مدّعا کے موافق کام کر دیوے۔آمین ثم آمین۔انشاء اللہ القدیر توجہ سے آپ کے لئے دعا کروں گا۔بلکہ شروع کر دی ہے۔باقی خیریت ہے۔والسلام ۲۵؍ جولائی ۱۸۹۲ء خاکسار غلام احمد از قادیان