مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 566
مکتوب نمبر ۱۶۴ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ بخدمت اخویم محب صادق منشی رستم علی صاحب۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ یہ خط آپ کو میں لودھیانہ سے لکھتا ہوں۔میری روانگی کے وقت آپ کا خط معہ مبلغ دس روپیہ قادیان میں مجھ کو ملا تھا۔مگر افسوس کہ میں اس دن ایک تشویش کی حالت میں لدھیانہ کی طرف تیار تھا۔اس لئے آپ کی فرمائش پر عمل کرنے سے مجبور رہا۔اسی دن لدھیانہ سے خط پہنچا تھا کہ میرناصرنواب صاحب کے گھر کے لوگ سخت بیمار ہیں اورانہوں نے میرے گھر کے لوگوں کو بلایا تھا کہ خط دیکھتے ہی چلے آئو۔وقت بہت تنگ تھااس وجہ سے بندوبست جلد بھیجنے کا نہ کر سکا اور افسوس رہا۔اب شاید ایک ہفتہ تک لودھیانہ میں ہوں۔شیخ غلام غوث صاحب نے پیغام بھیجا تھا کہ میں نے کرسٹی صاحب کو آپ کی نسبت کہلایا ہے۔انہوں نے جواب دیا کہ جس شخص کے ساتھ تبدیلی کرنا چاہتے ہیں اس کی تبدیلی ہوچکی ہے۔اب پھر اگر کوئی شخص تبدیلی کی درخواست کرے گا تو ہم ضرور رستم علی صاحب کو بلا لیں گے۔غرض غلام غوث کی زبانی معلوم ہوتا ہے کہ انگریز نے پختہ وعدہ کر لیا ہے۔باقی خیریت ہے۔جس وقت میں قادیان میں آئوں اس وقت آپ کسی پہنچانے والے کا بندوبست کر کے مجھ کو اطلاع دیں۔میں حلوہ تیار کرا کر بھیج دوں گا۔ہمیشہ حالات خیریت سے مجھ کو اطلاع دیتے رہیں۔والسلام ۲۷؍ اکتوبر ۱۸۸۹ء خاکسار غلام احمد عفی عنہ