مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 516
مکتوب نمبر ۸۴ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔بعد السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ پہلے اس سے روغن زرد کے لئے لکھا گیا تھا کہ ایک من خام ارسال فرماویں۔سو اس کی انتظار ہے کیونکہ اس کی بہت ضرورت ہے۔دوسری یہ تکلیف دیتا ہوں کہ ایک خادم کی ضرورت ہے۔قادیان کے لوگوں کا حال دگر گوں ہے۔ہمارا یہ منشاء ہے کہ کوئی باہر سے خادم آوے جو طفل نوزاد کی خدمت میں مشغول رہے۔آپ ا س میں نہایت درجہ سعی فرماویں کہ کوئی نیک طبیعت اور دیندار خادم کہ جو کسی قدر جوان ہو مل جائے اور جواب سے مطلع فرماویں۔خاکسار ۲۱؍ اگست ۱۸۸۷ء غلام احمد مکتوب نمبر ۸۵ پوسٹ کارڈ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ مخدومی مکرمی اخویم منشی رستم علی صاحب سلّمہ تعالیٰ۔بعد السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ کل آپ کا خط پہنچا۔آپ کے لئے بہت دعا کی گئی ہے۔جس بات میں فی الحقیقت بہتری ہوگی وہی بات اللہ تعالیٰ آپ کے لئے اختیار کرے گا۔انسان نہیں سمجھ سکتا کہ میری بہتری کس بات میں ہے۔یہ اَ سرار فقط خدا تعالیٰ کو معلوم ہیں۔سو قوی یقین سے اس پر بھروسہ رکھنا چاہئے۔روغن زرد اب تک نہیں پہنچا۔اس جگہ بالکل نہیں ملتا۔اگر آپ ایک من روغن خام تلاش کر کے بھیج دیں توا س وقت نہایت ضرورت ہے اور نیز جیسا کہ میں پہلے لکھ چکا ہوں، کوئی خادم ضرور تلاش کریں اورپھر تحریر فرمانے پر روانہ کر دیں۔والسلامخاکسار ۲۲؍ اگست ۱۸۸۷ء غلام احمد