مکتوبات احمد (جلد دوم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 424 of 662

مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 424

خداآپ کواستقامت بخشے اورآپ کے دل میں صبر ڈالے۔صبروہ کیمیا ہے جس کاسونا کبھی ختم ہونے میں نہیں آتا۔خدا ابتلا کے طور پر آگ میں ڈالتا ہے مگر صابر اور وفادار کو پھر محبت سے پکڑ لیتا ہے اور دوسری حالت ا س کی پہلی سے اچھی ہوتی ہے۔والسلام ٭ خاکسار ۶۔دسمبر ۱۹۰۲ء میرزا غلام احمد عفی عنہ ٭…٭…٭ مکتوب نمبر ۹۴ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔بدریافت خیرو عافیت خوشی ہوئی۔الحمدللہ اس جگہ بھی بفضلہ تعالیٰ سب طرح سے خیریت ہے۔میں ا س وقت تک معہ اپنی تمام جماعت کے باغ میں ہوں۔اگرچہ اب قادیان میں طاعون نہیں ہے لیکن میں اس خیال سے کہ جو زلزلہ کی نسبت مجھے اطلاع دی گئی ہے اس کی نسبت میں توجہ کر رہا ہوں اگر معلوم ہو کہ وہ واقعہ جلد تر آنے والا ہے تو اس واقعہ کے ظہور کے بعد قادیان میں جائوں۔اگر معلوم ہو کہ وہ واقعہ کچھ دیر کے بعد آنے والا ہے تو پھر قادیان میں چلے جائیں۔بہرحال دس یا پندرہ جون تک انشاء اللہ میں اسی جگہ باغ میں ہوں۔آپ تشریف لے آویں اِنْ شَائَ اللّٰہ تَعَالٰی اس جگہ کوئی تکلیف نہ ہوگی اور آنے سے پہلے مجھے اطلاع دیں۔باقی سب طرح سے خیریت ہے۔والسلام ٭٭ ۱۲؍ مئی ۱۹۰۵ء خاکسار میرزا غلام احمد