مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 365
مکتوب نمبر ۳۱ مخدومی مکرمی اخویم حاجی سیٹھ عبدالرحمن صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔عنایت نامہ پہنچا۔یہ عاجز نہایت جوش سے آپ کیلئے دعا کر رہا ہے اور امیدوار ہے کہ اللہ تعالیٰ جلد یا دیر سے دعا کو قبول فرماوے۔خدا تعالیٰ کی رحمت اور فضل سے ناامید نہیں ہونا چاہئے کہ اسے فضل کرتے دیر نہیں لگتی اور میں برابر توجہ سے دعا کرتا ہوں اور کرو ں گا جب تک آثار ظاہر ہوں۔آپ کی ملاقات کو تو دل بہت چاہتا ہے مگر میں مناسب نہیں دیکھتا کہ ایسی صورت میں آپ سفر کریں کہ کوئی حرج ہو یا حرج ہونا ممکن ہو، ہاں اگر بغیر حرج کے ملاقات ہو سکتی ہے تو قصدفرماویں۔اللہ تعالیٰ آپ کا نگہبان ہو۔اگر سفر کا قصد ہو تو روانگی سے پہلے اطلاع بھی بخشیں۔والسلام ۷؍ دسمبر ۱۸۹۷ء خاکسار مرزا غلام احمد از قادیان