مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 222
مکتوب نمبر۲۴ ژ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْمِ محبی اخویم نواب صاحب سلّمہ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ پہلے آں محب کی خدمت میں دو سَو روپیہ کے لئے بغرض بیباقی حساب معماران و مزدوران اور اینٹ وغیرہ کی نسبت لکھا گیا تھا۔ایک وہ روپیہ نہیں دیا اور رقم کی اشد ضرورت ہے اس لئے مکلّف ہوں کہ براہِ مہربانی دو سَو روپیہ ارسال فرما دیں تا دیا جائے۔معلوم ہوتا ہے کہ اس قدر خرچ کے بعد بھی کسی قدر حصہ نیچے کے مکان کی عمارت سے ناتمام رہ جائے گا مگر امر مجبوری ہے پھر جس وقت صورت گنجائش ہوگی کام شروع کر دیا جائے گا۔اللہ تعالیٰ کے ہر ایک امر اختیار میں ہے۔اخویم مکرمی حضرت مولوی حکیم نورالدین صاحب کے لئے مجھے ابھی تک آں محب کی طرف سے کچھ تحریر نہیں آئی۔میں نے سُنا ہے کہ مولوی صاحب کی نسبت اُنہیں کی برادری میں سے ایک پیغام اور آیا ہے اور ایک جگہ اور ہے۔سو آپ کو یہ بھی تکلیف دی جاتی ہے کہ اگر وہ مقام جو آپ نے سوچا ہے قابلِ اطمینان نہ ہو یا قابلِ تعریف نہ ہو یا اُس کا ہونا مشکل ہو تو آپ جلد اس سے مطلع فرما دیں تا دوسرے مقامات میں سلسلہ جنبانی کی جائے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام ۲۵؍ جون ۱۸۹۷ء خاکسار غلام احمد