مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 221
مکتوب نمبر۲۳ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُولِہِ الْکَرِیْمِ محبی عزیزی اخویم نواب صاحب سردار محمد علی خان صاحب رئیس مالیر کوٹلہ السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ عنایت نامہ مع روبکار پہنچا۔میرے نزدیک چونکہ آپ کے تعلقات ریاست (سے٭) ہیں۔پس کئی مصالح کی وجہ سے ایسے موقعہ پر آپ کا وہاں ہونا ضروری ہے لہٰذا اس جگہ آنا مناسب نہیں۔چراغوں کا مساجد اور اپنے گھروں اور کوچوں اور نشست گاہوں میں روشن کرنا اور خیرات کرنا اور جلسہ میں شامل ہو کر شکر اور دعا کرنا یہ سب امور ایک محسن گورنمنٹ کے لئے جائز ہیں۔مگر میں چونکہ اس جگہ اپنی جماعت کی طرف سے اِس نئی جماعت کے حالات کو گورنمنٹ پر ظاہر کرنے کیلئے اس موقعہ پر کوشش کرنا چاہتا ہوں اس لئے بہتر ہوگا کہ آپ ایک نقل اُس جگہ کی اپنی کارروائی کی ضرور میرے پاس بھیج دیں تا اس جگہ سے جو تحریر بھیجی جائے گی موقعہ مناسب پر اُس کا تذکرہ ہو سکے۔زیادہ خیریت ہے۔والسلام خاکسار ۱۶؍ جون ۱۸۹۷ء مرزا غلام احمد نوٹ از مرتب: مکتوب ہذا ملکہ وکٹوریہ کی جوبلی کے تعلق میں ہے۔نواب صاحبؓ کی تحریر کوٹلہ مالیر میں اس ساٹھ سالہ جوبلی کے (جون ۱۸۹۷ء میں) منائے جانے کے متعلق حضورؑ نے اشتہار جلسۂِ احباب میں شائع فرما دی تھی۔