مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 525 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 525

میں بعض امور اُس کو حسب مرضی اور بعض خلاف مرضی معلوم ہوں۔اس لئے مناسب ہے کہ آپ اس محبت کو خدا سے بھی چاہیں اور کسی نئے امر کے پیش آنے میں مضطرب ہوں تا یہ محبت کمال کے درجہ تک پہنچ جائے۔یہ عاجز خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک حالت رکھتا ہے۔جو زمانہ کی رسمیات سے بہت ہی دور پڑی ہوئی ہے اور ابھی تک ہر ایک رفیق کو یہی جواب روح کی طرف سے ہے۔۔۔۱؎ لیکن خداوند کریم سے نہایت قوی امید رکھتا ہے کہ وہ اس غربت اور تنہائی کے زمانہ کو دور کر دے گا۔آپ کی حالتِ قویہ پر بھی امید کی جاتی ہے کہ آپ ہر ایک انقباض پر غالب آویں گے۔وَالْاَمْرُ بِیَدِاللّٰہِ یَھْدِیْ مَنْ یَّشَآئُ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ۔والسلام علیکم وعلی اخوانکم من المومنین۔مکتوب نمبر۱۲ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ مشفقی مکرمی میر عباس علی شاہ صاحب۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آج ہرسہ حصہ کتاب آپ کی خدمت میں روانہ کرتا ہوں۔چند ہندو اور بعض پادری عنادِ قدیم کی وجہ سے ردّ کتاب کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔مگر آپ تسلّی رکھیں اور مسلمانوں کو بھی تسلّی دیں کہ یہ حرکت اُن کی خالی از حکمت نہیں۔میں اُمید رکھتا ہوں کہ اُن کی اس حرکت اور شوخی کی وجہ سے خداوندکریم حصہ چہارم میں کوئی ایسا سامان میسر کر دے گا کہ مخالفین کی بدرجہ غایت رُسوائی کا موجب ہوگا۔آسمانی سامان شیطانی حرکات سے رُک نہیں سکتے بلکہ اور بھی زیادہ چمکتے ہیں اور مخالفین کے اُٹھنے کی یہی حکمت سمجھتا ہوں کہ تا آسمانی باتیں زیادہ چمکیں اور جو کچھ خدا نے ابتدا سے مقدر کر رکھتا ہے وہ ظہور میں آ جائے۔آپ مومنین کو جو آپ سے متنفر ہوں سمجھا ویں کہ آپ کچھ عرصہ توقف کریں۔زیادہ تر دیر اسی سے ہے کہ تا خیالات معاندانہ مخالفین کے چھپ کر شائع ہو جاویں۔سو آپ براہِ مہربانی کبھی کبھی حالات خیریت آیات سے یاد و شاد فرماتے رہیں۔والسلام ۱؎ الکھف: ۶۸، ۶۹