مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 487 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 487

دوسرے یہ کہ چونکہ آسمان سے ایک انقلاب کا ارادہ ہو رہاہے کہ تا غلط کار اور بدعتی مسلمانوں کو کم کر ے اور سچے مسلمان جو کتاب اللہ کے موافق چلتے ہیں ان کو زیادہ کرے تو پھر آپ دنیا کے اسباب سے ڈر کر کیوں اس سلسلہ سے دور رہتے ہیں؟ کیا بجز خدا تعالیٰ کے کوئی اور بھی قادر ہے جس سے ڈرنا چاہئے؟ یقین ہے کہ اگر آپ سچے دل سے، پورے جوش سے، پورے صدق سے، پوری وفا سے اس سلسلہ میں داخل ہوں تو کچھ مدت کے بعدخد اتعالیٰ آپ کیلئے کچھ بندوبست کر دے گا کیو نکہ زمین و آسمان دونوں اس کے اختیار میں ہیں۔صحابہ رضی اللہ عنہم نے کھلے کھلے طور پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو قبول کیا اور اپنے مال و دولت اور اقارب کی کچھ بھی پرواہ نہ کی آخر تیس برس کے بعد خد انے ان کو بادشاہ کر دیا۔جو شخص مر د بن کر خد ا کی طرف آتا ہے اس پر رحم کیا جاتا ہے گو کچھ دیر کے بعد ہی ہو۔اور جو شخص مخلوق سے ڈرتا ہے اس کی عزت جنابِ الٰہی میں نہیں ہوتی کیونکہ وہ شرک پر ہے مخلوق کو خد اکا شریک سمجھتا ہے۔ایسا شخص ہمیشہ ناقص الدین رہتا ہے۔مداہنہ سے زندگی بسر کرتا ہے۔صحبت میں نہیں رہ سکتا۔ڈرتا ہے کہ کسی کو اطلاع نہ ہو۔دیکھو طاعون کے دن ہیں۔غضب الٰہی مشتعل ہے۔اوّل حق کو خوب تحقیق کر لو اور پھر اپنی سب عزت اس پر قربان کر دو او ر اس کے لئے دکھ اٹھائو، گالیاں سنو تاآسمان پر تمہاری عزت ہو اور عقدہ سر بستہ کھل جائے۔٭ والسلام ۱۷؍ جون ۱۹۰۲ء غلام احمد ٭…٭…٭ ٭ اخبار بدر ۱۹؍ اپریل ۱۹۰۶ء