مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 484 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 484

جو قوم کے مرُدہ قالب میں دوبارہ ہدایت اور ایمان اور تقویٰ کی روح ڈالنا چاہتا ہے وہ بجز مہدی کے کس نام سے موسوم ہو سکتا ہے؟ کیا سچ نہیں کہ آسمان پکار رہا ہے اور زمین فریاد کررہی ہے کہ اس صدی کے مجدد کا نام بلحاظ حالت موجودہ اور مفاسد مشہودہ اندرونی اور بیرونی کے مسیح اور مہدی ہونا چاہئے۔اگر یہ حالت موجودہ خود مجھ کو طبعاًیہ دونوں خطاب عطا نہیںکرتی تو میں جھوٹا ہوں اور اگر کرتی ہے تو ہر ایک متقی ، خدا ترس کے لئے واجب اور لازم ہے کہ میرے انصار میں سے ہوجاوے۔اسی بنا پر میں آپ پر نیک ظن کر کے یہ خط آپ کی طرف لکھتا ہوںاور چاہتا ہوں کہ آپ اس روز سے ڈر کر، جبکہ ایک ذرہ انحراف اور خدا کی راہ میں سستی کر نا انحطاط اعمال کا موجب ہو گا، میری نصرت میں لگ جاویں۔ہر ایک روح خودپسندی سے خالی ہو کر میری نسبت خد اتعالیٰ سے گواہی طلب کرے گی تو خد ا تعالیٰ میری مسیحائی کی اس کو خبر دے گا۔سواے عزیزو! خدا سے خوف کر کے اور اس دن سے ڈر کر جبکہ ہر ایک شخص کو اپنی لاپرواہی کی باز پرس ہو گی۔میرے معاملہ میں خد اسے روشنی مانگو۔تااس جماعت میں شمار نہ کئے جائو جنہوں نے خد اکے مسیح کو پاکر سر اُٹھا کر اس کی طرف نہ دیکھا۔یہ میری طرف سے ایک تبلیغ ہے اور ان تمام لوگوں کا بوجھ آپ کے سر پر ہے جو آپ کے ایک ذرّہ اشارہ سے حق کو قبول کرسکتے ہیں۔والسلام علیٰ من اتبع الہدٰی۔الراقم المامورمن الربّ الغفور ۷؍ شعبان ۱۳۱۷ھ (۱۰؍دسمبر۱۸۹۹ء) میرز اغلام احمد عفی عنہ ازقادیان مکرریہ کہ حضرت احدیت کا محب صادق جو اپنے تئیں محجوبانہ حالت میں رکھنا نہیں چاہتا اور نہ کسی حصہ تاریکی کے ساتھ اس دار ناپائیدار سے سفر کرنا چاہتا ہے۔اس کو خد ا تعالیٰ نے موقع دیا ہے کہ اپنی معرفت کی منزلوں کو اپنی استعداد کے موافق پورا کرے۔کیونکہ نشان ظاہر ہوتے ہیں اور حقائق و معارف بیان کئے جاتے ہیں۔پس مبارک وہ جو اس وقت ٹھوکر نہ کھاوے۔اس سعادت سے عمداً محروم نہ رہے جس کے آسمان سے دروازے کھولے گئے ہیں۔فقط۔