مکتوبات احمد (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 272 of 694

مکتوبات احمد (جلد اوّل) — Page 272

ایک ذرہ تصنع اور بناوٹ کی بدبو نہیں پائی جاتی۔انسان کے تمام قویٰ جو اس کی فطرت میں پائے جاتے ہیں وہ قرآنی تعلیم کے سامنے ایسے ہیں کہ گویا وہ ایک قالب ہے جو بالطبع اس روح کے لینے کے لیے تقاضا کررہا ہے۔جو شخص اس دین کی پوری صورت دیکھ لیوے اور طبع سلیم رکھتا ہو تو میں خیال نہیں کرسکتا کہ وہ اس نعمت کے قبول کرنے سے محروم رہ جائے اسی غرض سے وہ رسالہ تالیف کیا گیا ہے جس کا ترجمہ آپ کی خد مت میں بھیجنا چاہتا ہوں۔افسوس کہ میں بباعث اپنی ان مجبوریوں کے جن کی تفصیل طولِ طلب ہے جلدی اپنے وعدہ کو پورا نہیں کرسکا۔اگر میں انگریزی خواں ہوتا تو یہ مشکلات مجھے نہ آتیں۔بہر حال امید رکھتا ہوں کہ اب میری دوسری چٹھی کوئی حصہ رسالہ کا ساتھ لے کر آپ کی خدمت میں پہنچے گی۔یہ نہیں وعدہ کر سکتا کہ کب۔تک مگر امید رکھتا ہوں کہ خداوند قادر مطلق کوئی بہت دیر اس میں نہیںڈالے گا۔خدا تعالیٰ آپ کے ساتھ رہے اور وہ دن لاوے کہ جیسے خط و کتابت کے ذریعہ سے ایک روحانی ملاقات حاصل ہور ہی ہے خارجی ملاقات سے بھی مسرور اور خوشحال ہوجائیں۔آمین والسلام آپ کا مخلص دوست غلام احمد قادیان ضلع گورداسپور ٭