مکتوب آسٹریلیا — Page 247
247 پہاڑوں کے جنگل نیلے کیوں نظر آتے ہیں؟ سڈنی کے قریب ایک پہاڑی سلسلہ ہے جس کا نام نیلے پہاڑ (Blue Mountain) ہے اور یہ دیکھنے میں بھی نیلگوں لگتے ہیں۔پروفیسر تھا اس نے تحقیق کے بعد سراغ لگایا ہے کہ ان کے نیلے رنگ کی وجہ یہ ہے کہ کروڑوں یوکلپٹس (Eucalypts) درخت فضا میں کچھ ایسی گیسیں چھوڑتے ہیں جو منجمد سی ہو جاتی ہیں اور پھر سورج کی روشنی میں نیلے رنگ کی شعاؤں کو منعکس کرتی ہیں جن سے جنگل نیلے رنگ کے نظر آتے ہیں۔جو گیسیں یہ درخت پیدا کرتے ہیں ان میں ایک کا نام Isoprene ہے یہ ان کے پتوں کو ٹھنڈا رکھتی ہے اور ۴۰ درجہ سینٹی گریڈ حرارت پر بھی اس کی وجہ سے پتے محفوظ رہتے ہیں۔سائنس دانوں نے مصنوعی طور پر ایسا انتظام کیا کہ درخت یہ گیس نہ چھوڑیں تو پتے ۳۷ درجہ سینٹی گریڈ پر ہی جلنے شروع ہو گئے۔دوسری گیس جو یوکلپٹس پیدا کرتے ہیں وہ Cineole ہے یہ پتوں کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کا مقابلہ کرتی ہے۔اس طرح اللہ تعالیٰ نے انسانوں اور حیوانوں کی طرح نباتات کو بھی خود حفاظتی کا دفاعی نظام عطا کیا ہے۔اور اگر یہ نہ ہوتا تو ہم بھی زمین پر نہ ہوتے۔(الفضل انٹرنیشنل 28۔7۔95)