مکتوب آسٹریلیا — Page 185
185 اور خطرہ ہے کہ آج کی سوسائٹی کا یہ زیریں طبقہ (Under Class) مغربی معاشرہ کا ایک مستقل بن جائے۔ان خطرات کو اب مغرب میں محسوس کیا جا رہا ہے اور امریکہ اور برطانیہ میں شادی اور روائتی خاندان کی افادیت پھر سے تسلیم کی جانے لگی ہے لیکن اس کے آثار مجھے آسٹریلیا میں ابھی نظر نہیں آتے۔آسٹریلیا والوں کو بھی سوچنا چاہئے۔غیر شادی شدہ گھرانوں کی جتنی بھی صورتیں ہیں وہ افراد کے لئے اچھی ہوں تو ہوں لیکن قوم کے لئے اچھی نہیں ہیں روایتی مرکزی خاندان آج بھی بچے کے لئے سکول میں کامیابی کی بہترین ضمانت ہے۔شادی کا عہد اور ذمہ داری ہی ایک ایسا ہتھیار ہے جس سے متوسط خاندانوں کے بچوں میں عزم استقلال ، ذمہ واریت ، امانت ودیانت ، فعالیت اور خود اعتمادی کے اوصاف پیدا کئے جاسکتے ہیں جو کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔باتیں تو پروفیسر صاحبہ نے بہت اچھی کی ہیں مغربی معاشرہ میں ان کو بار بار دھرانے کی ضرورت ہے۔(الفضل انٹر نیشنل 5۔1۔96)