خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 384 of 845

خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 384

خطبات طاہر جلد ۹ 384 خطبہ جمعہ ۶ جولائی ۱۹۹۰ء تربیت پر ہوتی ہے۔یعنی دنیا میں ایک انسان کو جس قسم کی طبیعت میسر آئے اس کی وجہ سے اخلاق پر اچھا اثر پڑ سکتا ہے اور بعض قوموں کے جو خدا کی قائل نہیں بھی ہیں اخلاق اچھے ہوتے ہیں لیکن وہ اخلاق جو تقویٰ پر مبنی نہ ہوں، جو خدا کی ذات پر ایمان پر مبنی نہ ہوں وہ دباؤ میں آکر ہمیشہ بے معنی اور بے حقیقت ہو جایا کرتے ہیں۔پس ظاہری اخلاق کے لحاظ سے آپ کا گھر چاہے جنت بھی بنا ہوا ہواگران اخلاق کی بنیاد تقویٰ پر نہیں ہے تو ہر گز اس جنت کو بقا کی کوئی ضمانت نہیں ہے لیکن اگر تقویٰ پر مبنی ہے تو جتنی زیادہ مشکل پیش آئے اتنا ہی زیادہ انسان کو ایک دوسرے کی خوبیوں کا علم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔مصیبت کے وقت اگر بیوی قربانی کر رہی ہے اور تعاون کر رہی ہے، اگر مشکل کے وقت خاوند قربانی کر رہا ہے اور تعاون کر رہا ہے تو چونکہ یہ تعاون تقویٰ کی بنا پر ہوتا ہے اور معاشرے کے دباؤ کے خلاف ہوتا ہے۔اس وقت انسان کے اندر کے جو ہر ایک غیر معمولی جاذبیت کا موجب بن کر ابھرتے ہیں اور ایسے واقعات کے گزر جانے کے بعد میاں بیوی کے تعلقات پہلے سے بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ان میں ایک محبت کا عنصر ہی نہیں رہتا ، ان میں گہری قدر کا عنصر شامل ہو جاتا ہے۔پس اس دعا کو غیر معمولی اہمیت دینے کی ضرورت ہے اور اس کے مضمون کو سمجھنے کی ضرورت ہے جب تک سب سے پہلے آپ کے دل میں یہ نیت پورے یقین ، پوری صفائی کے ساتھ اور خلوص کے ساتھ پیدا نہ ہو کہ میں نے اپنے ساتھی سے تسکین کی طلب کرنی ہے اور اپنے مولا سے طلب کرنی ہے۔میں واقعہ چاہتا ہوں کہ جیسا بھی میرا زندگی کا ساتھی ہے، اپنی برائیوں سمیت جب میں نے اسے ایک دفعہ قبول کر لیا تو میرے بس میں نہیں ہے کہ میں اس سے سکینت حاصل کروں ، میں اپنے خدا سے دعا مانگوں گا ، یا دعا مانگو گی کہ تو ہمارے درمیان ایک دوسرے کے لئے سکینت رکھ دے اور ہمیں آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما۔وہ لوگ جن کے تعلقات پہلے ہی اچھے ہوں اور واقعہ ایک طبعی محبت کے نتیجے میں ایک دوسرے سے وہ سکینت پاتے ہوں جب وہ یہ دعا مانگتے ہیں تو وَ اجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا والا حصہ ان کی محبت کے تعلقات میں ایک نیا تعلق پیدا کر دیتا ہے وَ اجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا كا ٹکڑا ان کو یاد کراتا ہے کہ آپ کو ایک دوسرے سے جو تسکین ملتی ہے وہ محض ظاہری انسانی تعلقات کی بناء پر ہے اور اس کی تسکین کے نتیجے میں آپ کی اولا د اور آپ کے مستقبل کی کوئی حفاظت نہیں ہو سکتی