خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 251
خطبات طاہر جلد ۹ 251 خطبه جمعه ۴ رمئی ۱۹۹۰ء توفیق اور حیثیت کے مطابق اپنی عبادت کی قدر پہچان سکتا ہے لیکن کتنے ہیں جو ایسا کرتے ہیں۔جماعت احمدیہ میں چونکہ آج کل میں عبادت کے مضمون پر زور دے رہا ہوں اور بار بار سمجھا رہا ہوں کہ جب تک ہم عبادت پر قائم نسلیں پیچھے نہیں چھوڑیں گے ہم اپنے حق کو ادا کرنے والے نہیں ہوں گے اس لئے اس مضمون کی طرف میں خصوصیت سے توجہ دلا رہا ہوں۔پہلا کام تو وہ تھا جس کے متعلق مجالس خدام الاحمدیہ ، انصار اللہ ، لجنات نے محنت شروع کر دی ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ ساری دنیا سے کثرت سے ایسی رپورٹیں آرہی ہیں کہ مختلف ممالک کے صدران لجنہ خدام الاحمدیہ، انصار اللہ اپنے اپنے دائرے میں منصوبے بنارہے ہیں لٹریچر تیار کر رہے ہیں، آڈیو ویڈیو سے مدد لے رہے ہیں ، گھر گھر بچوں تک پہنچ کر ان کے جائزے لئے جار ہے ہیں اور جہاں ان باتوں سے بڑے محروم ہیں ان کے جائزے لئے جارہے ہیں۔ساری جماعت میں بیداری کا آغاز ہو چکا ہے۔یہ کہنا درست نہیں کہ ساری جماعت بیدار ہو چکی ہے کیونکہ بیداری ہوتے ہوتے بھی وقت لگا کرتے ہیں۔جب پہلے شفق کی پو پھوٹتی ہے تو کون سی سب دنیا ایک دم اٹھ جایا کرتی ہے۔کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو پھر نو، دس بجے ہی اٹھتے ہیں اور بعض بے چارے تو گیارہ بارہ بجے تک پڑے رہتے ہیں سورج سر پر چڑھ آتا ہے اور وہ اپنی غفلتوں میں پڑے رہتے ، ہیں۔تو ایسے بھی ہوں گے لیکن جب عموماً بیداری شروع ہو جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ صبح ہوگئی ہے تو میں اس صبح کے آثار دیکھ رہا ہوں جو ہر طرف خدا تعالیٰ کے فضل سے پھیلتی چلی جارہی ہے اور جماعت احمدیہ میں تنظیمی لحاظ سے یہ احساس بیدار ہو رہا ہے کہ ہمارے مقاصد میں اول مقصد عبادت گزار بندے پیدا کرنا ہے اور اس پہلو سے جو لوازمات ہیں ان کی طرف ہمیں توجہ کرنی چاہئے۔نماز کے آداب سکھانے چاہئیں، نماز کی عبارت یاد کروانی چاہئے۔اس کے معانی سمجھانے چاہئیں چنانچہ اللہ کے فضل سے اس طرف سے کوششیں شروع ہیں۔لیکن ایک حصہ وہ بھی ہے جو عبادت پر قائم ہے اور باقیوں کے مقابل پر بالعموم جماعت احمدیہ کو ایک عددی اکثریت حاصل ہے یا تناسبی اکثریت حاصل ہے۔نسبت کے لحاظ سے جماعت احمدیہ میں خدا کے فضل سے زیادہ نماز پڑھنے والے ہیں لیکن وہ جو نماز پڑھنے والے ہیں ان کو کیسی نماز پڑھنی چاہئے یہ بھی تو ہمیں سمجھانا چاہئے۔اس کے بعد کے جو وسیع مراتب ہیں اور بڑے بڑے مقامات ہیں وہ تو بعد میں آئیں گے لیکن اس سمت میں درست