خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 159 of 845

خطبات طاہر (جلد 9۔ 1990ء) — Page 159

خطبات طاہر جلد ۹ 159 خطبہ جمعہ ۳۰ / مارچ ۱۹۹۰ء لقائے باری تعالیٰ کا حصول اعلیٰ اخلاق سے مزین ہوئے بغیر ممکن نہیں۔حصول لقاء کے دیگر ذرائع خطبه جمعه فرموده ۳۰ مارچ ۱۹۹۰ء بمقام بیت الفضل لندن) تشہد وتعوذ اور سورۂ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا: حضرت اقدس محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ایک بار کسی نے یہ سوال کیا کہ یا رسول اللہ ! قیامت کب ہوگی۔تو آپ نے جواباً فرمایا تم نے اس کے لئے کیا تیاری کی ہے بہت ہی پیارا اور بہت ہی گہرا پر حکمت جواب ہے۔کب سے انسان کو غرض نہیں ہونی چاہئے تیاری ہمیشہ رہنی چاہئے۔پس گزشتہ جمعہ میں جب میں نے اللہ تعالیٰ سے لقاء کے متعلق جو دعاؤں کی تحریک کی تھی۔اس کے تعلق میں مجھے خیال آیا کہ تیاری کے سلسلے میں بھی کچھ باتیں آج آپ کے سامنے رکھوں کیونکہ قیامت کی تیاری در حقیقت لقاء کی ہی تیاری ہے اور دونوں ایک ہی مضمون ہیں۔حضرت اقدس محمد مصطفی ﷺ نے جب فرمایا کہ قیامت کی کیا تیاری کی ہے۔تو بلاشبہ اس سے مراد یہ تھی کہ قیامت میں تو خدا سے لقا ہوگی یعنی وہ لقاء جو ایک نہ ایک رنگ میں ہر ایک کو نصیب ہوگی اس کے سامنے پیش ہونا ہو گا ان معنوں میں لقاء ہے۔پس جب پیش ہو گے تو اس کے لئے کیا تیاری ہے اور مراد در حقیقت یہ تھی کہ اصل لقاء جو تعلق اور محبت کی لقاء ہوا کرتی ہے ،اس کے لئے اگر تم نے اس دنیا میں تیاری نہ کی تو قیامت کا تمہیں کوئی بھی فائدہ نہیں ہوگا۔پس اس پہلو سے ہمیں خدا تعالیٰ کی لقاء کے مضمون کو سمجھنا بھی چاہئے اور اس کے لئے ہمہ وقت تیاری بھی کرنی چاہئے۔