خطبات طاہر (جلد 7۔ 1988ء) — Page 842
خطبات طاہر جلد ۶ 842 خطبه جمعه ۱۶ار دسمبر ۱۹۸۸ء سے پہلو سمجھ میں آجائیں گے۔ایک انسان اگر جنگلی بھینسے سے بھاگ رہا ہے تو اس کو درخت پناہ دے گا۔وہ اگر دوڑ کر کسی قریب کے درخت پر چڑھ جائے اور اگر وہ چڑھ سکتا ہو تو جنگلی بھینسا چونکہ درخت پر نہیں چڑھ سکتا اس لئے اس کو درخت سے پناہ مل جائے گی لیکن اگر وہ ریچھ سے بھاگا ہے تو درخت اس کو پناہ نہیں دے سکتا کیونکہ ریچھ درخت پر چڑھ سکتا ہے۔اس کے لئے اگر اس کو آگ مہیا ہو اور وہ جلتی ہوئی لکڑیاں استعمال کر کے اس کے دائرے میں آجائے یا ایک بڑی جلتی ہوئی لکڑی کو استعمال کرے ریچھ کو ڈرانے کے لئے تو اس بات کا امکان موجود ہے کہ وہ ریچھ سے بچ جائے۔خشکی کے جانوروں سے بچنے کے اور طریق ہیں، پانی کے جانوروں سے بچنے کے اور طریق ہیں ، مگر مچھ کسی کے پیچھے ہو تو اس کو دریا سے نکل کر خشکی کی پناہ لینی پڑتی ہے۔بعض ایسے حملے ہیں جن میں خشکی سے اتر کر دریا کی پناہ لینی پڑتی ہے۔چنانچہ شہد کی مکھیوں کا حملہ ہو تو نہ درخت پناہ دے سکتا ہے ، نہ زمین پناہ دے سکتی ہے۔اس کے لئے اکثر لوگوں کو دریاؤں میں چھلانگیں لگاتے دیکھا ہے ،نہروں میں یا تالابوں میں۔قادیان میں مجھے یاد ہے ایک دفعہ مجلس مشاورت کے بعد کسی بچے نے غلیلے سے شہد کا چھتا چھیڑ دیا تو لوگ بری طرح اس سے بیچارے متاثر ہوئے ،گھبرائے ، بھاگے، زخمی ہوئے لیکن ایک تالاب تھا وہاں بچوں کے نہانے کا ، اصل جن کو پناہ لی ہے ان کو اسی تالاب میں ملی ہے یا پھر بند کمروں میں مل سکتی ہے۔تو خدا تعالیٰ ہر طرف ہے لیکن ہر خطرے سے پناہ کے لئے جس طرف منہ اٹھا کر آپ بھا گئیں آپ کو پناہ نہیں مل سکتی بلکہ خطرے کی سمت بچاؤ کی سمت معین کرتی ہے، وہاں بھی تو آپ خدا ہی کی پناہ میں آتے ہیں۔درخت پر چڑھیں تب بھی قانون قدرت جو خدا نے پیدا کیا ہے اس کے تابع ، اس خدا کے حکم کے ماتحت درخت آپ کو پناہ دیتا ہے۔جہاں پانی کی پناہ میں آتے ہیں وہاں بھی قانون قدرت خدا کے حکم کے تابع آپ کو پناہ دیتا ہے اسی طرح خطروں کی نشاندہی آپ کرتے چلے جائیں ان کے مقابل پر آپ کا دماغ خود آپ کو بتا تا چلا جائے گا کہ یہاں خدا کس سمت میں ہے۔تو ہر سمت سے خدا آپ کی پناہ کا منتظر ہے لیکن ہر خطرے کے نتیجے میں جس طرف منہ اٹھے اس طرف بھاگنے سے آپ کو پناہ نہیں ملے گی۔خطرے کا تعین ضروری ہے پھر سمت کا تعین ہو گا۔فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللهِ جاؤ گے جس طرف بھی وہیں خدا کو پاؤ گے خدا کے سوا کچھ نہیں