خطبات طاہر (جلد 7۔ 1988ء) — Page 647
خطبات طاہر جلدے 647 خطبه جمعه ۲۳ / ستمبر ۱۹۸۸ء اسیر ہیں۔اُن سب کے ذکر کا یہاں موقع تو نہیں لیکن اس ذکر میں اُن سب کو بھی شامل سمجھیں اور خصوصیت کے ساتھ اُن بزرگوں کے لئے دعاؤں کے وقت اُن کی اولادوں اور اُن کے آئندہ آنے والی نسلوں میں پیدا ہونے والے واقفین زندگی کو بھی یادرکھیں۔خدا تعالیٰ ہمیشہ اُن کی نیکیوں کو ان کے خون میں قائم رکھے۔اور خصوصیت کے ساتھ الیاس منیر کو یاد رکھیں اور اُن کے ساتھی جن کے اوپر اسی طرح ایک جھوٹے الزام کے طور پر موت کی تلوار لٹکائی گئی ہے اور دیگر اسیران راہ مولا جنہوں نے مختلف موقعوں پر پاکستان میں دین کی عظمت کے لئے قربانیاں دی ہیں اور آج بھی دے رہے ہیں۔اُن سب کو اپنی دعاؤں میں یا درکھیں۔آپ اُن کے لئے دعائیں کریں گے تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ خدا کے فضل سے آپ کے لئے دعائیں کریں گے۔آپ کی جو خوبیاں اس وقت بے استعمال کے پڑی ہوئی ہیں اور میں جانتا ہوں آپ میں سے بہت سے نوجوان ہیں بہت سے بڑے ہیں چھوٹے ہیں ، بہت سے پڑھے لکھے ہیں جن کو خدا تعالیٰ نے جتنی خوبیاں دی ہیں وہ ابھی احمدیت کی خدمت میں استعمال نہیں کر رہے اُن کی دعاؤں کی برکت سے خدا اُن خوبیوں کو اُبھارے گا اور اُن کو محض نظریاتی خوبیاں نہیں رہنے دے گا بلکہ عمل کی شکلوں میں ڈھال دے گا اور وہ خوا میں نہیں رہیں گی بلکہ تعبیر میں بن جائیں گی۔اس لئے میں آپ کو خصوصیت سے یہ نصیحت کرتا ہوں کہ جہاں آپ اپنے سابق بزرگوں کے لئے دعا کریں وہاں موجودہ راہ مولا میں دکھ اُٹھانے والوں کے لئے بھی دعا کریں اور ان سابق بزرگوں کی آئندہ نسلوں کے لئے بھی دعا کریں اور پھر اپنے متعلق بھی دعا کریں کہ خدا آپ کو وہ شعور بخشے جس شعور کے نتیجے میں انسان حقیقت میں عظیم الشان کارنامے سرانجام دینے کا اہل ہوا کرتا ہے۔وہ احساس کی بیداری بخشے وہ تمام دنیا کے انسانوں کے درد کی تکلیف کا احساس عطا کرے جس کو محسوس کئے بغیر انسان بنی نوع انسان کے لئے قربانیاں کرنے کا اہل نہیں بن سکتا۔بہت ہی اس قسم کی دعائیں ہیں جو ان دعاؤں سے پھوٹتی چلی جائیں گی۔اگر میں ان کا ذکر کرتا چلا جاؤں تو یہ مضمون لمبا ہوتا چلا جائے گا کیونکہ پھر ایک دعا دوسری دعا آپ کے لئے دروازہ کھول دیتی ہے پھر دوسری دعا تیسری دعا کے لئے دروازہ کھول دیتی ہے یہی وجہ ہے کہ جب انسان اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کے لئے کھڑا ہوتا ہے تو مضمون سے مضمون لکھتا چلا جاتا ہے تو اگر آپ اس طرح دعائیں کریں گے تو وہ ساری دعائیں جن کا میں نے ذکر نہیں کیا وہ بھی آپ کے ذہن میں ابھرنا شروع ہوں گی اور اس طرح اللہ تعالیٰ آپ کو بہت ہی عظیم الشان برکتوں سے نوازے گا۔