خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 398
خطبات طاہر جلد ۶ 398 خطبہ جمعہ ۱۲ / جون ۱۹۸۷ء پس آپ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے سفیر بن کے یہاں آئے ہیں اور آپ حضرت محمد مصطفی ﷺ کے سفیر بن کے یہاں آئے ہیں، آپ احمدیت کے سفیر بن کے یہاں آئے ہیں اور آپ اسلام کے سفیر بن کے یہاں آئے ہیں۔اس لئے اس سفارت کے حقوق کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں، اس سفارت کی ذمہ داریوں کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔اپنے مقدر بنا ئیں ان سے خوبیاں سیکھ کر اور ان کے مقدر جگائیں ان کو خوبیاں عطا کر کے۔ایک نئی قوم وجود میں آنے لگ جائے جو انہی لوگوں میں سے بنے لیکن ان سے بالکل مختلف اور امر واقعہ یہ ہے کہ میں ایسی قوم کو یہاں بنتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔امر واقعہ یہ ہے کہ ان لوگوں میں جو سفید فام یوروپین ممالک میں احمدی ہوئے ہیں ان کے اندر خدا کے فضل سے ایسی ایسی پاک تبدیلیاں پیدا ہوئی ہیں کہ اگر وہ سونا تھے تو کندن بن چکے ہیں۔حیرت انگیز جلا ان میں پیدا ہوئی ہے۔مشرق کا اخلاص اور مشرق کا پیاران کو کرنا آ گیا اور مغرب کی ساری خوبیوں کی بھی انہوں نے حفاظت کی اور پھر عام انسانوں سے بلند تر ہو کر وہ اللہ والے انسان بن گئے۔آپ ان کو غور سے دیکھیں تو آپ حیران ہوں گے کہ آپ نے ان کو دین سکھایا لیکن اب یہ اس قابل ہیں کہ آپ کو دین سکھانے لگ جائیں۔عظیم الشان اخلاص کے پیکر ہیں ان میں ایسے لوگ جو کامل وفا کے ساتھ اسلامی تعلیم کے تمام تقاضوں کو پورا کر رہے ہیں۔اسی سر زمین میں جہاں شیطانیت کھلے بندوں جولانی دکھاتی ہے یہ فرشتوں کی طرح قدم رکھتے ہیں اور ان کی سب برائیوں سے اغماض کرتے ہوئے نیکی کا پیکر بن کر ان گلیوں میں چلتے ہیں۔ایسے لوگ انگلستان میں بھی ہیں میں جانتا ہوں اور ڈنمارک میں بھی ہیں جن کو میں جانتا ہوں اور ناروے میں بھی ہیں جن کو میں جانتا ہوں ، سویڈن میں بھی ہیں جن کو میں جانتا ہوں ، جرمنی میں بھی ایسے لوگ ہیں خدا کے فضل ہیں ایک بڑی تعداد میں اور اس ملک میں جس کے آج آپ مہمان ہیں اس ملک میں بھی خدا تعالیٰ نے ایسے ہی فرشتہ سیرت انسان احمدیت کے اثر کے نتیجے میں پیدا فرما دیئے ہیں۔آپ اگر اس تعلیم پر عمل کریں گے جو میں نے اسلام کی تعلیم آپ تک پہنچائی ہے تو آپ اس قابل ہو جائیں گے کہ ایسے اور بہت سے لوگ پیدا کر سکیں۔آپ اس قابل ہو جائیں کہ کثرت کے ساتھ اس معاشرے میں پھیل جائیں اور اکیلے اکیلے نہ رہیں بلکہ تیزی کے ساتھ بڑھنا شروع کریں اور اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ اس دنیا میں بھی یقیناً کامیاب ہوں گے اور اس دنیا میں بھی