خطبات طاہر (جلد 6۔ 1987ء) — Page 194
خطبات طاہر جلد ۶ 194 خطبہ جمعہ ۲۰ مارچ ۱۹۸۷ء پہلے بھی میں خطبات میں بیان کر چکا ہوں لیکن اب میں اس رنگ میں آپ کے سامنے تقویٰ کا مضمون رکھنا چاہتا ہوں کہ تقویٰ کی دو ہی جڑیں ہیں ایک اللہ کی محبت اور ایک اللہ کا خوف۔اس لئے تقویٰ کا یہ ترجمہ کہ ڈرنا، خدا سے ڈرنا یہ کافی نہیں۔قرآن کریم سے معلوم ہوتا ہے کہ تقویٰ کی اعلی قسم اللہ تعالیٰ کی محبت میں پیوستہ ہوتی ہے اور اس کی ثانوی قسم خدا تعالیٰ کے خوف میں پیوستہ ہوتی ہے اور جو قسم محبت میں پیوستہ ہوتی ہے جب وہ نشو ونما پاتی ہے تو اسی سے خوف کی جڑ بھی نکلتی ہے اور جو خوف میں پیوستہ ہوتی ہے تقویٰ کی جڑ وہ جب حقیقی معنوں میں نشو و نما پاتی ہے تو اسی سے ایک محبت کی جڑ بھی نکلتی ہے اور پھر تقویٰ کا مضمون مکمل ہو جاتا ہے لیکن حقیقی اور نہایت اعلیٰ پائے کا تقویٰ وہی ہے جس کا آغاز محبت سے ہوا ہو اور قرآن کریم بھی اس تقویٰ کو سب سے اعلیٰ درجہ کا تقویٰ قرار دیتا ہے۔لیکن اس مضمون کے اوپر تو بہت لمبا وقت درکار ہے اس کے اتنے پہلو ہیں اور اتنے بعض باریک پہلو ہیں کہ ان میں سے ایک پہلو کو بھی کھول کر نکھار کر جماعت کے سامنے پیش کرنے کے لئے ایک وقت چاہئے۔آج مختصرا میں نے اس بات کو پیش نظر رکھا ہے کہ اگر تقویٰ محبت ہے تو محبت حاصل کیسے ہو۔ہر مزاج کے لوگ ہیں جماعت میں ہر علمی سطح کے لوگ ہیں، ہر عقل کے معیار کے لوگ ہیں اور ان سب کو کس زبان میں سمجھایا جائے کہ ان کو معلوم ہو جائے کہ خدا تعالیٰ سے محبت کیسے پیدا ہو۔وہ محبت جو حقیقت میں تقویٰ ہی کا دوسرا نام ہے۔ہر آدمی کو سمجھانے کے لئے الگ الگ زبان تو استعمال کی نہیں جاسکتی کیونکہ لاکھوں کی جماعت سے جب خطاب ہورہا ہو تو کوئی ایسی ترکیب ،کوئی ایسا آسان سہل طریق ڈھونڈنا چاہئے جو سب کے لئے قابل فہم ہو اور سارے اس سے اثر قبول کر سکیں۔اس مضمون پر جب میں نے غور کیا تو مجھے سب سے آسان رستہ یہ نظر آیا کہ جن لوگوں نے سب سے زیادہ خدا سے محبت کی ہے ان کی زبان میں اگر خدا کا ذکر کیا جائے تو سب سے آسان طریق اللہ تعالیٰ کی محبت پیدا کرنے کا ہے اور اسی لئے قرآن کریم میں یہ ارشاد ملتا ہے کہ :۔اِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللهُ (آل عمران :۳۲) اے محمد ﷺ لوگوں میں یہ اعلان کر دے قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ که اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو یا محبت کرنا چاہتے ہو تو میرے پیچھے چلو يُحببكُمُ اللهُ اللہ تم سے محبت کرنے لگے گا۔