خطبات طاہر (جلد 5۔ 1986ء) — Page 529
خطبات طاہر جلد ۵ 529 خطبہ جمعہ ۲۵ / جولائی ۱۹۸۶ء اس لئے یہ سارے واقعات سنانے کا مقصد صرف اتنا ہے کہ ہمارا اوڑھنا اور بچھونا دعا ہی ہے اور دعا ہی ہمارا اوڑھنا اور بچھونا ہمیشہ رہنی چاہئے۔خدا سے ذاتی تعلق میں جماعت احمدیہ کی زندگی ہے اور یہ تعلق کسی ایک انسان کے تعلق کے نتیجے میں کافی نہیں ہوسکتا بلکہ بکثرت دنیا کے کونے کونے میں ہر احمدی کو یہ تعلق ذاتی طور پر قائم کرنا ہوگا اور اپنے علاقہ کے لئے اس الہی تعلق کا نشان بننا ہوگا۔جب تک بکثرت تمام دنیا میں احمدیت کی صداقت کا یہ نشان ظاہر نہیں ہوتا آج دلائل کی رو سے آپ دنیا کے دل جیت نہیں سکتے۔دنیا اتنی تیزی کے ساتھ مادہ پرستی کی طرف دوڑ رہی ہے کہ اور نقد سودوں کی عادی ہو چکی ہے۔مشاہدات کی دنیا میں رہتے رہتے انسان محض اس چیز کا قائل ہونے کا دماغ رکھتا ہے جسے وہ آنکھوں کے سامنے پورا ہوتا دیکھے۔اس لئے دلائل کی دنیا ماضی کی باتیں ہیں۔ہاں بعض انسانوں پر دلائل بھی اثر کرتے ہیں لیکن انسان کے مستقبل کی تعمیر کے لئے ہرگز دلائل کافی نہیں۔جہاں تک خدا کی ہستی کا تعلق ہے اس کا یقین خدا والوں کی ہستی سے ہوگا۔جب تک دنیا بکثرت خدا والے نہیں دیکھ لیتی خدا کی ہستی پر کامل یقین دنیا پیدا نہیں کرسکتی اور جب تک خدا کی ہستی پر کامل یقین پیدا نہیں ہو جاتا اس وقت تک اسلام کے عظیم الشان پیغام کو حقیقی گہرائی کے ساتھ صمیم قلب کے ساتھ قبول کرنے پر آمادہ نہیں ہو سکتی۔دنیا ترک کرنا ایک مشکل کام ہے دنیا کی لذتیں ایک موہوم خیال کے پیچھے چھوڑ دینا ایک بہت ہی مشکل کام ہے۔بسا اوقات آپ دیکھیں گے کہ دلائل کی قوت کے ساتھ آپ بڑے بڑے مفکرین کا منہ بھی بند کر دیں گے مگر ان کے دل جیتنے کی طاقت آپ نہیں پائیں گے۔دل جیتنے کے لئے آپ کو لازماً خدا والا بنا ہوگا ، لازماً خدا کے تعلق کے نشان اپنے گرد و پیش اپنے ماحول میں دکھانے ہوں گے۔اور یہ ایک مشکل کام نہیں بلکہ سب کاموں سے زیادہ آسان ہے۔آج یہ میدان خالی پڑا ہے۔آج ارب ہا ارب خدا کے بندے ایسے ہیں جو خدا کی طرف پیٹھ کر کے اور دنیا کی لذتوں کو منہ کے سامنے رکھ کر چل رہے ہیں۔کتنے ہیں اس میدان میں جو خدا کو خدا مان کر پکارنے والے ہیں۔پس ہر وہ آواز جو خدا کو صمیم قلب سے یاد کرے گی ، ہر وہ آواز جو کامل یقین کے ساتھ اپنے رب کو پکارے گی میں آپ کو خوشخبری دیتا ہوں کہ وہ آواز ضرور سنی جائے گی۔آپ کی کمزوریوں کے باوجود اللہ آپ سے پیار کا سلوک فرمائے گا اس لئے یہ مشکل کام نہیں۔ہر جگہ ہر احمدی کو روحانی قوتوں کو