خطبات طاہر (جلد 3۔ 1984ء) — Page 1
خطبات طاہر جلد ۳ 1 خطبہ جمعہ ۶ /جنوری ۱۹۸۴ء وقف جدید کے سال نو کا اعلان اور عرب قوم سے محبت و دعا کی تحریک ( خطبه جمعه فرموده ۶ /جنوری ۱۹۸۴ء بمقام مسجد اقصی ربوه) تشہد و تعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور نے فرمایا: 1984 عیسوی یا 1363 ہجری شمسی کا یہ پہلا جمعہ ہے۔سب سے پہلے تو میں آپ سب کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے، ہر پہلو سے یہ سال تمام احمدیوں کے لئے، تمام مسلمانوں کے لئے ، تمام بنی نوع انسان کے لئے مبارک فرمائے اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام کے لئے یہ سال بے انتہا برکتیں لے کر آئے۔دستور کے مطابق پہلے جمعہ میں وقف جدید کے نئے سال کا اعلان ہوتا ہے پس اس موقع پر میں دوسرے درجے پر یعنی مبارکباد کے بعد وقف جدید کے نئے سال کا اعلان کرتا ہوں۔گزشتہ سال جس طرح خدا تعالیٰ نے ہر شعبہ پر، ہر انجمن پر، ہر ذیلی تنظیم پر بے انتہا فضل فرمائے اور ہر پہلو سے جماعت کا قدم نمایاں ترقی کی طرف اٹھا اسی طرح وقف جدید بھی اللہ کے فضلوں کی وارث بنی اور غیر معمولی طور پر خدا تعالیٰ نے چندوں میں برکت دی اور کام میں بھی برکت دی۔چنانچہ چندہ بالغان جو 1982ء میں 7,83,000 روپے وصول ہوا تھا نو لاکھ کے بجٹ کے مقابل پر 1983ء میں 10,07,775 روپے تک پہنچ گیا۔گویا گزشتہ سال کے مقابل پر